اوکاڑہ یونیورسٹی معذور طلباءکو تعلیم اور روزگار فراہم کرنے کےلیے پر عزم ہے: وائس چانسلر   


کو شائع کی گئی۔ July 6, 2021    ·(TOTAL VIEWS 121)      No Comments

کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے ذریعے گھر گھر جا کر معذور افراد کو تعلیم کے حصول کےلیے راضی کیا جائے گا: پروفیسر زکریا ذاکر
اوکاڑہ (یواین پی)اوکاڑہ یونیورسٹی کی جانب سے معذور طلباءکےلیے منعقدہ ایک تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر زکریا ذاکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تمام معذور طلباءکو نہ صرف اعلی تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کرے گی بلکہ ان کو روزگار کے حصول میں بھی بھرپور مدد فراہم کرے گی۔ اس تقریب کا انعقاد یونیورسٹی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن نے ڈاکٹر ندیم اور ڈاکٹر نادیہ گیلانی کی زیر نگرانی کیا۔ تقریب میں یونیورسٹی میں زیر تعلیم اسی سے زائد معذور طلباءنے شرکت کی اور وائس چانسلر کے ساتھ اپنی آراءاور تحفظات کا اظہار کیا۔ معذور افرام کے حوالے سے معاشرے کے منفی رویوں پہ بات کرتے ہوئے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو معذور کہنا ان کی توہین ہے، بلکہ ان کو اسپیشل پرسنز کہنا چاہیے کیونکہ یہ کسی ایک جسمانی کمزوری یا خامی کے ساتھ بہت سے دوسرے خصائص کے مالک ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ اس دنیا میں کوئی بھی پرفیکٹ نہیں بلکہ ہر انسان میں کوئی نہ کوئی خرابی یا کمی پائی جاتی ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کی خامیوں کو قبول کرتے ہوئے بہتر مستقبل کےلیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے اساتذہ کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ جسمانی حالت کی بنیاد پہ طلباءمیں کسی قسم کی کوئی تفریق نہ کریں، کیونکہ میری خواہش ہے کہ اسپیشل بچے زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہیں۔ ایسے طلباءکو رحم کھا کر نہیں بلکہ عزت اور وقار کا ساتھ زندگی کی دوڑ میں شامل کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی رنگ و نسل، معاشی حالات یہ جسمانی صحت کی بنیاد پہ طلباءمیں کو تفریق روا نہیں رکھتی۔ وائس چانسلر نے یہ اعلان بھی کیا کہ کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے ذریعے اوکاڑہ کے نواحی علاقوں میں گھر گھر جا کر معذور افراد کو مفت اعلی تعلیم کے حصول کےلیے راضی کیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes