فیصل آباد یکم اکتوبر سے31اکتوبر تک دار الاحسان سمندری روڈ فری آئی کیمپ لگے گا   


کو شائع کی گئی۔ September 30, 2015    ·(TOTAL VIEWS 506)      No Comments

Eye..
فیصل آباد(یواین پی)عظیم روحانی پیشوا حضرت ابوانیس محمدبرکت علی قدس سرہ العزیزکے قائم کردہ کیمپ دار الاحسان سمندری روڈ کے 900بستروں پر مشتمل ہسپتال دارالحکمت دارالشفاء میں 79واں ششماہی فری آئی کیمپ یکم اکتوبر 2015سے شروع ہو رہا ہے جو 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔اس مثالی فری آئی کیمپ میں ملک بھر سے 80سے زائد ماہرین امراض چشم ڈاکٹڑز خدمات سر انجام دیں گے جن میں سے 17ڈاکٹرز کی خدمات محکمہ صحت حکومت پنجاب نے فراہم کی ہیں جبکہ باقی ڈاکٹرز رضاکارانہ طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کیمپ میں موجود ہوں گے۔ ان ڈاکٹرز کی معاونت کے لئے 250 افراد پر مشتمل تجربہ کار خدمت کے گہرے جذبے سے سرشار رضاکاروں کی (پیرامیڈیکل سٹاف کی)ایک ٹیم خدمات کے لئے ہمہ وقت موجود ہوگی۔دنیا میں اپنی نوعیت کا یہ مثالی فری آئی کیمپ موجودہ دور کے عظیم روحانی پیشوا حضرت ابوانیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کی زیر نگرانی 1976میں شروع ہوا تھا جو باقاعدگی کے ساتھ سال میں دوبار مارج اوراکتوبر میں منعقد ہوتا ہے ۔بانی دارالاحسان حضرت ابوانیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کے وصال کے بعد اس عظیم فری آئی کیمپ کا انتظام و انصرام میاں محمد شفیع اور میاں محمد نجیب اﷲکے ذمہ ہے جو بالترتیب ادارہ کے مہتمم اور نائب مہتمم ہیں۔خوراک وادویات اورہر قسم کی طبی سہولیات اور رہائش وغیرہ مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ادارہ کی انتظامیہ کی طرف سے مریضوں کو اپنے ہمراہ کم از کم ایک تیماردار(مرد مریض کے ساتھ مرد اور عورت مریضہ کے ساتھ عورت)اور موسم کے مطابق بستر ہمراہ لانے کو کہا گیا ہے۔ ان تیمارداروں اور لوحقین کو بھی خوراک اور رہائش مفت فراہم کی جاتی ہے ۔ جدید مشینری سے مزین اس کیمپ میں بیک وقت 16 مائیکرو سکوپ مشینیں کام کرتی ہیں جبکہ فیکوٹیکنالوجی کی سہولت بھی موجود ہے۔ ڈاکٹرز شفٹوں میں خدمات سر انجام دیتے ہیں انتظامیہ کے مطابق اس موجودہ کیمپ کے دوران گیارہ ہزار آنکھوں کے آپریشن کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے جبکہ مارچ 2015کے کیمپ میں 12921مریضوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے تھے۔اس فری آئی کیمپ کی خصوصیات یہ ہیں کہ یہاں ابتک 2214پیدائشی نابینا نوجوان بچوں اور بچیوں کی آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں۔ لہٰذہ کیمپ انتطامیہ کی طرف سے پیدائشی نابینا افراد کے لواحقین سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی موجودہ کیمپ میں قسمت آزمائی کے لئے اپنے نابینا بچوں کو لیکر آئیں ۔غریب اور مستحق مریضوں کی آنکھوں میں لینز بھی کیمپ انتظامیہ کی طرف سے مفت ڈالے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ 78کیمپوں کے دوران 4 لاکھ 84 ہزار سے زائد آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دس لاکھ سے زائد مریضوں کو آوٹ ڈور پر علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کی گئیں۔اس کیمپ کی کامیابی کا تناسب 99.94فیصد ہے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔خدمت مفت ، علاج مفت ، خوراک مفت اور ٖغیر امتیازی سلوک اس کیمپ کی چار امتیازی خصوصیات ہیں

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog