وزیراعظم کا عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام پیغام   


کو شائع کی گئی۔ May 13, 2021    ·(TOTAL VIEWS 50)      No Comments


اسلام آباد(یو این پی)وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام پیغام دیا ہے۔تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر میں اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے ،اللہ رب العزت ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے ہمیں صبر و شکر اور اپنے نفس اور ضروریات پر قابو پانے کی عملی تربیت سے گزارا ہے، اس کا مقصد ہمارے اندر دوسروں کی تکالیف، بھوک اور پریشانی کا احساس پیدا کرنا ہے یہ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے، ہمیں چاہئیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسانی دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔عمران خان نے کہا کہ ہم اس وقت کورونا وباء کی تیسری لہر سے نبردآزما ہیں میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول ﷺبھی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ارد گرد بسنے والے بے کس و بے سہارا افراد جو کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں ان کے خاندانوں کا بھی خیال رکھیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئیے اس موقع پر ان افراد اور ان خاندانوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو بڑے مقاصد کے لئے بڑی قربانیاں دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری قوم کو عید کی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمارے ملک کو آفات سے محفوظ رکھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy