پاکستان نے انسانی حقوق کونسل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کردیا ’’وزیر خارجہ ‘‘   


کو شائع کی گئی۔ September 11, 2019    ·(TOTAL VIEWS 53)      No Comments

جینوا(یواین پی) وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کونسل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے، عالمی برادری بھارتی مظالم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔جینوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ہفتوں سے کشمیری حریت رہنما نظر بند ہیں، مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے، آپ سب کو بی بی سی کے آرٹیکل کی کاپی دی ہے جس میں کشمیری اپنے منہ سے اپنے اوپر ہونے والے مظالم کی داستانیں بیان کر رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیلٹ گن کے شکار مریض اسپتال جانے سے بھی ڈرتے ہیں، بھارت اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعوے دار کہتا ہے تاہم بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت بنانا چاہتا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ادویات کی شدید قلت ہے، برطا نوی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہو رہے مظالم کو بے نقاب کیا،عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کروانے میں کردار کرے، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، مقبو ضہ کشمیر میں طوفان کے آنے سے پہلے کی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت ایک بار مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹا کر تو دیکھے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت مسلسل ٹھکرائی، بھارت آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کا معاملہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے آپریشن کرسکتا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں غیر ملکی مبصرین کو آنے کی اجازت دے اس کے ساتھ وادی میں پاکستانی قیادت کو بھی جانے کی اجازت دے، بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتےہوئے کلسٹر اور ہیوی بموں کا استعمال کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپانے کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کا نام دیتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، انسانی حقوق کونسل پر زور دیتا ہوں کہ وہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت نوٹس لے جب کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes