پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری،جاتی سردی لوٹ آئی   


کو شائع کی گئی۔ February 13, 2018    ·(TOTAL VIEWS 126)      No Comments

پشاور/اسلام آباد(یوا ین پی) کشمیر پنجاب کے خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ پہاڑوں پر برفباری کے بعد سیاحوں نے وہاں کا رخ کرلیا۔یو این پی کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور جاتی سردی لوٹ آئی ۔ سردی کا اثر سندھ کی ساحلی علاقوں پر بھی پڑا ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنی شروع ہوگئی ہیں۔فاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور،گوجرانوالہ،میانوالی، بہاول پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔حافظ آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، ننکانہ صاحب ،نارنگ منڈی اور گردونواح میں گرج چمک، تیز ہواں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔پنجاب میں بھی گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، میانوالی کے اکثرمقامات پربوندابادی سے موسم انتہائی سرد ہوگیا۔ کامونکے اور گردونواح میں رات بھر سے وقفہ وقفہ سے جاری گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ بارش کے ساتھ چلنے والی یخ بستہ ہواں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کندیاں چشمہ پپلاں اور گردونواح میں مسلسل 8 گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث گندم اور چنے کی مرجھاتی فصلوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے، کسانوں نے بارش کو ابر رحمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارش کے باعث ان کی مرجھاتی ہوئی فصلیں ایک بار پھر لہلہانے لگی ہیں۔ بارش کے باعث دو ماہ سے زائد عرصہ تک رہنے والی خشک سالی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، کسانوں کا کہناہے کہ گندم کی فصل کیلئے بارشوں کی سخت ضرورت تھی، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بارانی علاقوں میں گندم کی فصل بری طرح متاثرہورہی تھی، بار ان رحمت برسنے پر لوگوں نے اللہ تعالی کا شکر اداکیا۔ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد، مانسہرہ ، چارسدہ، بنوں، سوات اور دیربالا میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔سوات میں بھی سیاحوں نے پہاڑوں کا رخ کر لیا ہے ۔خیبر پختونخوا میں بنوں اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، پشاورمیں بھی 2 ماہ بعد رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش سے شہر میں جل تھل ہوگیا اور سردی بھی بڑھ گئی، بارش کے باعث پشاور کی سڑکیں کیچڑ سے بھر گئیں تاہم فضاؤں میں معلق گرد صاف ہوگئی اور طویل خشکی کا خاتمہ ہوگیا۔ شمالی وزیرستان میں بھی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ایجنسی کے پہاڑی علاقے شوال، بیرمل، لواڑ منڈی اور رزمک میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، سوات کے علاقے مینگورہ، کالام ، ماہو ڈھنڈ، مالم جبہ، دیر لوئر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے ۔مری میں گزشتہ شام سے ہی ہلکی برفبا ری کا سلسلہ جاری ہے اور نتھیاگلی سمیت گلیات کے بالائی علاقوں میں 18 انچ تک برف باری ہوئی جب کہ زیارت میں ڈیڑھ فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔ملکہ کوہسار مری میں دوران برف باری ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سیاح غلط اور ڈبل پارکنگ نہ کریں اور سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں۔سی ٹی او یوسف علی شاہد کے مطابق مری میں دوران برف باری اضافی وارڈن افسران تعینات کیے ہیں، سیاح صرف پیٹرول گاڑی پر ہی مری آئیں،گاڑی کی بیٹری اچھی حالت میں رکھیں اور برف میں ٹائروں کو ٹوچین کر کے گاڑی چلائیں اور ٹوچین ساتھ لائیں۔سی ٹی او کا کہنا ہے کہ رہنمائی کے لئے مری ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 9269200۔051 پر رابطہ کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش دیر میں 22، کالام 13، پاراچنار 12، میرکھانی 07، دیر زیریں 05، مالم جبہ 04، چترال 03، دروش 01 اور بلوچستان کے علاقے خضدار میں 11، قلات 08، کوئٹہ03 ، ژوب 01، پنجاب میں بہاولپور میں 04 اور کوٹ ادو میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، بالائی فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

 

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme