کورونا کی وحشت اور دہشت کے سائے پاکستان میں بڑھنے لگے   


کو شائع کی گئی۔ April 7, 2020    ·(TOTAL VIEWS 96)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی )کورونا وائرس نے پوری دنیا کے بعد اب پاکستان میں بھی اپنے وار تیز کر دیئے ہیں ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 577 کیسز سامنے آ ئے ہیں جس کے بعد تعداد 3 ہزار 864 پر جا پہنچی ہے ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 48 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 74 ہزار 808 اموات واقع ہوئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے ، حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 88 ٹیسٹ کی گئے جس کے بعد کل ٹیسٹوں کی تعداد 39 ہزار 183 پر جا پہنچی ہے ۔کورونا وائرس سے اب تک 429 لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم 28 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے 
پنجاب میں سب سے زیادہ 1918 کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں 932 ، خیبر پختون خواہ میں 500 بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211 ، اسلام آباد میں 89 اور آزاد کشمیر میں 18 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔
خیبر پختون خواہ میں کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں تاہم وہاں پر وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں 15، سندھ میں 17 ، اسلام آباد میں ایک ،گلگت بلتستان میں تین ، بلوچستان میں ایک شخص انتقال کر گیاہے ۔
سندھ میں کورونا وائر س سے اب تک 253 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ، پنجاب میں 25 ،کے پی کے میں 69 ، بلوچستان میں 63 ، آزاد کشمیر میں ایک ، گلگت بلتستان میں 15 اور اسلام آباد میں تین افراد روبصحت ہو گئے ہیں ۔
کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے ، مہلک وبا ءسے اب تک 13 لاکھ 47 ہزار 892 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 74 ہزار 808 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 2 لاکھ 84 ہزار 802 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔
کورونا وائر س سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد تین لاکھ 68 ہزار 376 تک جا پہنچی ہے اور 10 ہزار 986 لوگ مو ت کے آگے زندگی ہار گئے ہیں ۔
امریکہ کے بعد سپین سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 675 ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار 341 افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم چالیس ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔
کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہے جہاں تعداد 16 ہزار 523 ہو گئی ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ 32 ہزار 547 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے ، 22 ہزار 837 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题