اقوام متحدہ گستاخانہ خاکوں کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے، وزیراعظم

Published on January 19, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 165)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد کا نوٹس لینا چاہیے۔ اقوام متحدہ گستاخانہ خاکوں کی روک تھام کے حوالے سے کردار ادا کرے۔وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی صدر جنرل اسمبلی ماریا فرنینڈا پنوسا نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی بھی موجود تھیں۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ماریا فرنینڈا کا وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا گیا۔ یو این جنرل اسمبلی کی صدر نے پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے حکومتی منصوبوں پر صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو بریفنگ دی اور کہا کہ نوجوان پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں اور غربت کے خاتمے کا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ 50 لاکھ گھر اور بلین ٹری سونامی حکومت کے منصوبوں میں شامل ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ماریا فرنینڈا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دلوائی اور کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کشمنر برائے انسانی حقوق کی جون 2018ء کی رپورٹ اس پر موجود ہے۔عمران خان نے گستاخانہ خاکوں سے متعلق بھی بات چیت کی اور کہا کہ اس معاملے پر پاکستانیوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ اس قسم کے اقدامات نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی، جنرل اسمبلی کی صدر معاملے پر کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اقوام متحدہ کی صدر نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes