ہر پاکستانی کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں؛ ڈاکٹر یاسمین راشد

Published on February 15, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 351)      No Comments

راولپنڈی(یواین پی) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق ہر پاکستانی کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے لئے صحت سہولیات پروگرام کا آغاز کیا جار ہا جس کے تحت پنجاب کے 36اضلاع میں72 لاکھ ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو بہترین تنخواہیں اور مراعات دی جا رہی ہیں اور صحت کی سہولیات میں اضافے پر ہر ممکن وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان ، راجہ صغیر، فرح آغا، لطاسب ستی ، شمیم آفتاب ، نسرین طارق، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر، چیئرمین آرڈی اے عارف عباسی سمیت تحریک انصاف کے منتخب نمائندے موجود تھے ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 30فیصد آبادی کو سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات حاصل ہیں جبکہ 70 فیصد آبادی پرائیویٹ طبی اداروں پر انحصار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 40 فیصد لوگ غربت کی نچلی سطح پر زندگی بسر کر رہے ہیں جن کے لئے روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنا مشکل ہے اور عام آدمی کے لئے تعلیم و صحت کی سہولیات بنیادی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے بعد پنجاب میں بھی صحت کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ماضی میں صحت کارڈ کب اور کیسے دیئے گئے کسی کو اس کا کچھ پتہ نہیں اور شہری اسے جعلی کارڈ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف 41ہزار افراد نے 17 اضلاع میں استفادہ کیا لیکن آبادی کے حساب سے اگر صحیح کام کیا جاتا تو پونے دو کروڑ افراد اس سے استفادہ کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت راجن پور، ڈی جی خان ، بہاولپور ، مظفر گڑھ اور ملتان سے صحت کارڈ کا اجراء کر رہی ہے اور 22۔فروری سے راجن پور سے اس مہم کا آغاز کیا جار ہا ہے اور مارچ کے اختتام تک 8 لاکھ کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارڈ سے سات بیماریوں سمیت کارڈیالوجی اور نیورالوجی کا مکمل مفت علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا اور 2019ء کے اختتام تک صحت کارڈ کی تقسیم مکمل کر لی جائے گی اور مجموعی طور پر 72 لاکھ صحت کارڈز تقسیم کئے جائیں گے جن سے ساڑھے تین کروڑ افرادمستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2019ء میں راولپنڈی ، اٹک اور ننکانہ سے بھی صحت کارڈز کی تقسیم شروع ہو جائے گی ۔ راولپنڈی شہر کی آبادی بہت زیادہ ہے اس لئے پہلے مرحلے میں راولپنڈی میں کارڈز کی تقسیم شروع کی جائے گی اس سے 55 فیصد افراد کو طبی سہولیات حاصل ہوں گی ۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کو فنکشنل کرنے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور ایک سو ارب کے گذشتہ حکومت کے ڈس آنر چیک جاری کئے ہیں اور صحت کے ہر شعبے میں سابقہ حکومت کی طرف سے ادائیگیاں واجب الادا ہیں اور پنجاب بھر میں یہ ادائیگیاں ادا کرکے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے نام سے منسوب ہسپتال جوکہ عوام کے پیسوں سے بنائے گئے ، انہوں نے اپنے پیسوں سے ایک بھی ہسپتال نہیں بنوایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا۔وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر نے اس موقع پر بتایا کہ ہیپاٹائٹس فری راولپنڈی پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے اور ڈبلیو ایچ او کے تحت 2030ء تک ہیپاٹائٹس پر مکمل قابو پا لیا جائے گا اور راولپنڈی کی 5.3 فیصد آبادی سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کر دیا جائے گااور اس پراجیکٹ کا آغاز یونین کونسل کی سطح سے کیا جائے گا اور فروری سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں علاج و تشخیص کی سہولیات مفت فراہم ہوں گی ۔ 

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog