وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تحریک انصاف میں دھڑے بندی کی تردید 

Published on April 19, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 162)      No Comments

ملتان(یواین پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کسی بھی دھڑے بندی کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اسد عمر نے دیانتداری سے کام کیا، وہ ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے، انہوں نے بڑی مشکل حالت میں اچھا کام کیا، تحریک انصاف کے سب ارکان وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعتراف کیا کہ حکومت کومعاشی مشکلات کا سامنا ہے اور کہا کہ جب تحریک انصاف اقتدارمیں آئی تو تاریخی خسارہ ملا، پچھلی حکومتوں نے بے دریغ قرض لیے، اسد عمر نے اقدامات اٹھائے، بہتری میں وقت لگے گا، پچھلی حکومتوں نے بڑی بے دردی سے ملکی خزانہ لوٹا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہیں اور رہیں گے، تحریک انصاف میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شرح نمو میں کمی کی وجہ پچھلے 10 سال کی پالیسیاں ہیں، بہت سی چیزیں میرے علم میں ہوں گی، لیکن میں شیئرنہیں کرنا چاہوں گا، معاشی حالت کو بہتر کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، حکومت نے ملک کے مستقبل کو محفوظ کرنے کیلئے فیصلے کئے ہیں۔پاکستان میں صدارتی نظام کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدارتی نظام کیسے آسکتا ہے؟ اس کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے، ایک طبقہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes