قومی باؤلرز 358 رنز کا دفاع نہ کرسکے، امام الحق کی سنچری ضائع

Published on May 15, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 471)      No Comments

برسٹول: (یواین پی) انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی، قومی باؤلر بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام نظر آئے اور رہی سہی کسر ناقص فیلڈنگ نے نکال دی، امام الحق کی شاندار سنچری رائیگاں گئی۔برسٹول میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کی دعوت ملنے پر 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 358 رنز بنائے۔ فخر زمان اس بار فیل ہوگئے اور صرف 2 رنز بنا کر چلتے بنے، بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 15 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، حارث سہیل نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان سرفراز مجموعی سکور میں 27 رنز کا اضافہ کرسکے۔امام الحق نے 151 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 16 چوکے شامل تھے، وہ پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کیخلاف سب سے زیادہ انفرادی سکوربنانے والے بلے باز بھی بن گئے، اس سے قبل یہ اعزاز فخر زمان کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ میچ میں 138 رنز بنائے تھے۔ آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں 3 زبردست چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ عماد وسیم 22، فہیم اشرف 13 اور شاہیں آفریدی 7 رنز پر پویلین لوٹے جب کہ حسن علی 18 اور جنید خان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کرس ووکس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ نے 45 ویں اوور کی 5 ویں گیند پر 4 وکٹیں گنوا کر 359 بنا کر فتح اپنے نام کرلی اور سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ مرد میدان جانی بیئر سٹو نے 128 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جیسن روئے 76، جوروٹ 43 اوربین سٹوکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ معین علی 46 اور کپتان آئن مورگن 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ گرین شرٹس کی باؤلنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور فیلڈر نے 5 آسان کیچز گرا کر انگلینڈ کی فتح کو اور آسان بنا دیا۔ جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog