کراچی: (یواین پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عید کے بعد کراچی سے چترال تک مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی، ورلڈ بینک اورآئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے اور گلی گلی میں تحریک چلائیں گے۔جماعت اسلامی ضلع جنوبی کی جانب سے لیاری چاکیواڑہ میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے، اس حکومت میں شامل اکثریت جنرل مشرف کے ساتھی اور پیپلز پارٹی کے لوگ ہیں۔انھوں نے مزید کہا جو قرضے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے 10 سال میں لیے تھے، موجودہ حکومت نے اتنے قرضے 10 مہینے میں لے لیے ہیں۔ یہ مدینہ کی اسلامی ریاست کا مذاق اڑا رہے ہیں کیونکہ مدینہ کی اسلامی ریاست میں سود، فحاشی اور بے حیائی نہیں تھی، عوام پر ظلم نہیں ڈھایا جاتا تھا، مدینہ کی ریاست میں حکمران عوام کے خادم ہوتے تھے۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں ہر مظلوم کو انصاف ملے گا۔