پاکستان بزنس کونسل کے زیراہتمام محفل میلاد النبیﷺ

Published on February 21, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 298)      No Comments

\"Abdul
پاکستان بزنس کونسل کے زیراہتمام محفلِ میلاد النبیؐ، سیرت کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اسی تقریب میں پاکستان قرأت و نعت کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ کمپیئرنگ کے فرائض محمد افضل شافی نے انتہائی عقیدت و احترام سے انجام دیئے۔ انہوں نے پاکستان قرأت و نعت کونسل کے صدر شہزاد احمد غلام رسول، عرفان عادل، ملک نور چیئرمین فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ، حافظ محمد شبیر ممبر اوپیک، محمد عارف بٹ سرپرست اعلیٰ قرأت و نعت کونسل اور حاجی عبدالرشید صدر منہاج کونسل کویت کو اسٹیج پر براجمان ہونے کی دعوت دی۔ برطانیہ سے تشریف لانے والے مہمان اسکالر پروفیسر محمد صادق نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت انٹرنیشنل اسکول و کالج کی ہونہار طالبہ حفصہ شبیر نے حاصل کی۔ حمد باری تعالیٰ محترمہ راحیلہ غزل نے پیش کی۔
میرے مولا کرم ہو کرم
تجھ سے فریاد کرتے ہیں ہم
نعت رسول مقبولؐ فیصل نقشبندی نے پیش کی
نعت سرکار کی پڑھتا ہوں میں
بس اسی کام سے گھر میں میرے رحمت ہو گی
اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نور الدین تشریف لائے، انہیں بھی اسٹیج پر براجمان ہونے کی دعوت دی گئی۔ محمد عرفان عادل نے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان قرأت و نعت کونسل کا تعارف پیش کیا، وہ محمد عارف بٹ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس کی سرپرستی قبول کی۔ وہ دیگر تعاون کرنے والوں کے بھی مشکور ہیں، جن میں شہزاد احمد، محمد افضل شافی، طارق نذیر، ڈاکٹر احمد جاوید، یونس شاہد، قاری مختار، عابد ملک، رمضان بھٹی، مزمل بٹ، قاری سلیم قادری وغیرہ شامل ہیں۔
طارق قمر نظامی نے بھی خوبصورت نعت پیش کی۔
لو مدینے کی تجلی سے لگائے ہوئے ہیں
دل کو ہم مطلع انوار بنائے ہوئے ہیں
اس موقع پر سفیر پاکستان سید ابرار حسین شاہ ہال میں تشریف لائے، ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، انہیں کرسی صدارت پر براجمان ہونے کی دعوت دی گئی۔ صدر پاکستان بزنس کونسل محمد عارف بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفیر پاکستان سید ابرار حسین شاہ کو خوش آمدید کہتے ہیں جو مختصر نوٹس پر تشریف لائے، وہ چاہتے ہیں کہ جس حد تک ہو سکے کمیونٹی کی خدمت کریں۔ انہوں نے کمیونٹی کو عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ پاکستان زندہ باد، ممبر اوپیک حافظ محمد شبیر نے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہا کہ وہ اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر تشریف لائے، وہ پروفیسر علامہ طاہر القادری کے شاگرد پروفیسر محمد صادق قریشی کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی دعوت قبول کی۔ انہیں خوشی ہے کہ آج عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر پاکستان قرأت و نعت
کونسل کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔کونسل کے قیام کا مقصد بچوں، بچیوں کو قرأت و نعت سے روشناس کرانا ہے۔ آخر میں ڈائریکٹر منہاج القرآن لندن شاگرد ڈاکٹر علامہ طاہر القادری، پروفیسر محمد صادق قریشی کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے بڑے مؤثر انداز میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے حُبّ رسولؐ اور اتباع رسولؐ کے موضوع پر بڑا پُراثر خطاب کیا۔ ان کا ہر لفظ اور ہر جملہ دل میں اتر جانے والا تھا۔ ان کی تقریر اپنے طور پر بھی محبتیں بکھیرنے کا ذریعہ بن رہی تھی۔ انہوں نے ایسا ایک لفظ بھی ادا نہیں کیا جس سے کسی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے شخص کی دل آزاری ہوتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اتباع رسولؐ نہیں تو حب رسولؐ کا دعویٰ بھی درست نہیں۔ اگر کوئی شخص میلاد رسولؐ تو منائے لیکن نماز نہ پڑھے تو ایسے شخص کا دعویٰ حُبّ رسول درست نہیں، انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر القادری کا پیغام بھی محبت اور امن ہے۔ آخر میں سفیر پاکستان سید ابرار حسین شاہ نے بھی سیرت النبیؐ کے حوالہ سے بڑا مختصر اور جامع خطاب کیا۔ انہوں نے حُبّ رسولؐ اور اتباع رسولؐ کے حوالہ سے اظہار خیال کیا اور اپنے اشعار بھی بیان کئے۔
مصطفیٰ سے جب تمہارا سلسلہ مل جائے گا
خود بخود اسے ڈھونڈنے والا خدا مل جائے گا
تقریب کے آخر میں ایک مرتبہ پھر شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔ پُرتکلف عشائیہ دیاگیا

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog