حج میڈیکل مشن جدہ ، مکہ اور مدینہ میں مفت ابتدائی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ڈاکٹر آصف علی

Published on July 24, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 488)      No Comments

جدہ (زکیر احمد بھٹی) حج میڈیکل مشن جدہ ، مکہ اور مدینہ میں مفت ابتدائی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ سعودی ہسپتالوں میں بہترین اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کے شکر گذار ہیں۔ یہ بات سربراہ حج میڈیکل مشن پاکستان، ڈاکٹر آصف علی نے میڈیا ٹیم سے بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور پاکستان ، سعودی حکومت کے تعاون سے ہر سال حج کے موقع پر عازمینِ کرام کو جامع طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات کرتی ہے۔ اس سال مکہ میں 35 بیڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 10 بیڈ کا ہسپتال قائم کیا ہے ۔ پاکستان حج میڈیکل مشن میں اس سال 180 ڈاکٹرز بشمول 45 لیڈی ڈاکٹرز شامل ہیں جبکہ 4 سو سے زائد نرسوں، ڈسپنسرز اور پیرامیڈیکل عملہ بھی اپنی خدمات سرانجام دے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حج مشن ہسپتال میں ابتدائی طبی سہولیات میں جدید لیبارٹری، ایکسرے، فارمیسی ، ایمرجنسی اور شعبہ دندان بھی موجود ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ میں حجاج کے مختلف رہائشی سیکٹرز میں 9 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ مدینہ منورہ میں 2 ڈسپنسریاں جبکہ جدہ میں ایک ڈسپنسری کے ذریعے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ موجودہ حکومت اور وزارتِ مذہبی امور کی خصوصی کوشش سے ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمبولینسوں کی تعداد 9 سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 5 سو سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ پیچیدہ مریضوں کو سعودی ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا ہے جہاں تمام تر علاج ایجیو گرافی اور ایجیو پلاسٹی سمیت تمام تر علاج معالجہ اور دیگر سہولیات مفت ہیں ۔ سربراہ حج میڈیکل مشن پاکستان ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ وہ عازمین حج کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes