ہر موقع پر پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، چینی جنرل کی وزیراعظم کو یقین دہانی

Published on August 28, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 168)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) پاکستان کے دورے پر آئے جنرل ژو کیانگ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اپنے چینی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیراعظم آفس میں ہونےوالی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی، سول اورعسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل ژو کیانگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک چین سدا بہار دوستی اور سٹریٹیجک پارٹنرشپ خطے میں امن کی ضامن ہے۔وزیراعظم نے جنرل ژو کیانگ کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط اور غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 3 ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن ہے، انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔ بھارت کے حالیہ اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔انہوں نے چینی جنرل کو آگاہ کیا کہ بھارت اپنے غاصبانہ اقدامات سے نظر ہٹانے کے لئے جھوٹا آپریشن کر سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری طور پر اٹھانا چاہیے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ جنرل ژوکیانک نے چینی صدر اور وزیراعظم کے تہنیتی پیغامات پہنچائے اور پاکستان کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔جنرل ژو کیانگ کا کہنا تھا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن اور معاشی استحکام کے لئے متنازع امور کا حل ضروری ہے۔ پاکستان اور چین خطے میں امن واستحکام کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ چلتے رہیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog