اسلام آباد: (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے حکومت سے تعاون نہ کرنے پر انھیں اعتماد میں نہیں لیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج وفاقی حکومت کا خواب ہے۔ کئی پیش گوئیاں کی گئیں مگر سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت اب بھی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کٹھ پتلی کے تماشے نہیں دیکھنا چاہتے۔ عمراں خان نے اپنی حکومت بچانے کیلئے سمجھوتہ کیا ہے۔ وہ نواز شریف کو باہر بھیج کر کہتے ہیں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہو چکی تھی اور آصف زرداری پر صرف الزامات ہیں اور کوئی الزام ثابت بھی نہیں ہوا لیکن وہ پھر بھی جیل میں ہیں۔ طبی بنیادوں پر نواز شریف کو ریلیف ملنا ان کا حق تھا۔