پی ایس ایل فائیو: اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دیدی

Published on March 5, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 194)      No Comments

لاہور: (یواین پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 17 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کیخلاف کو 71 رنز سے ہرا دیا۔ ایک میچ جیتنے کے بعد لاہور قلندرز ایک بار پھر ہمت ہار گئی ہے۔ ایونٹ میں یہ چوتھی شکست ہے۔ فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری نے سب سے زیادہ 30 سکور بنائے۔ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔ شاداب خان اور رومان رئیس نے 3.3 شکار کیے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے راؤنڈ کے دوران 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کولن منرو اور لوک رانچی نے کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کولن منرو اور لوک رانچی نے زبردست آغاز فراہم کیا اور پہلے دس اوورز کے دوران وکٹ کے چاروں اطراف شاندار سٹروکس کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کے باؤلرز کو بے بس کر دیا۔
103 کے مجموعی سکور پر لاہور قلندرز کو پہلی وکٹ ملی، جب یونائیٹڈ کے اوپنر رانچی نے 31 گیندوں پر 48 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، سمت پٹیل نے کیچ پکڑا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اس بار بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 5 گیندوں پر 7 رنز بنا کر محمد فیضان کا شکار بن گئے۔ کولن انگرام 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر سلمان ارشاد کو وکٹ دے بیٹھے۔اوپنر کولن منرو نے شاندار 87 رنز کی اننگز کھیلی۔ آصف علی نے 6 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 198 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے سلمان ارشاد، محمد فیضان اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لائن اور فخر زمان کی جگہ لینے والے سلمان بٹ نے کیا۔ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کا آغاز بہت ہی مایوس کن تھا، پہلے ہی اوورز کی دوسری گیند پر ڈیل سٹین نے کرس لائن کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ محمد حفیظ اس بار بھی ناکام رہے اور 13 گیندوں پر 10 رنز بنا کر چلتے بنے، عاکف جاوید نے وکٹ حاصل کی۔گزشتہ روز طوفانی اننگز کھیلنے والے بین ڈنک اس بار بڑی اننگز نہ کھیل سکے، بیٹسمین نے 15 گیندوں پر 25 سکور کی باری کھیلی۔ سلمان بٹ 24 گیندوں پر 21 رنز بنا سکے۔ ظفر گوہر نے وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف زبردست باری کھیلنے والے سمت پٹیل کی اننگز بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 6 رنز تک محدود رہی، شاداب خان کی گیند پر کولن منرو نے شاندار کیچ تھاما۔ دیگر بیٹسمینوں میں محمد فیضان6، کپتان سہیل اختر8، پرسانا ایک، سلمان ارشاد 1 رن بنا سکے، عثمان خان شنواری نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ظفر گوہر اور رومان رئیس نے 3.3 شکار کیے، شاداب خان نے دو جبکہ عاکف جاوید اور سٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کی طرف سے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں ، فخر زمان کی جگہ سلمان بٹ جبکہ شاہین آفریدی کی جگہ عثمان خان شنواری کو سکواڈ میں شامل کیا گیا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes