ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوگئی، 11 جاں بحق

Published on March 28, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 302)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے 457 ، پنجاب میں 490، بلوچستان میں 133، خیبر پختونخوا میں 180، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے جب کہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 23 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں کیسز کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرگئی؛
نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 490 تک جا پہنچی ہے جب کہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 457 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔
سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت؛
کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صبح 8 سے شام 5 بجے تک صوبے بھر میں دکانیں بند کرانے کی ہدایت کردی ہے تاہم صرف میڈیکل اسٹور24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ابھی تک شہر میں گھوم رہے ہیں، لوگوں کا تعاون عوام کی صحت کا ضامن ہے، اس لئے عوام لاک ڈاؤن اور حکومت کے فیصلوں کا احترام کریں۔
وزیراعظم کورونا ٹیسٹ؛
گزشتہ روز لندن کے ایک نیوز چینل نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر نشر کی تھی تاہم سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کا کورونا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کی غیر ملکی ٹی وی چینل کی خبر تردید کردی ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی مساجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی؛
آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر بدرمنیر کا کہنا ہے کہ مساجد میں موذن امام اور خادم با جماعت نماز ادا کریں گے جب کہ آزاد کشمیر علماء کرام محکمہ صحت عامہ کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy