دورہ انگلینڈ: قومی کرکٹرز کی آئندہ ہفتے سے انفرادی ٹریننگ کا آغاز

Published on May 18, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 146)      No Comments

لاہور (یواین پی) رواں برس انگلینڈ ٹور کیلئے قومی کھلاڑیوں کی انفرادی ٹریننگ کا سلسلہ آئندہ ہفتے سے شروع ہو جائے گا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کوچنگ سٹاف اور میڈیکل پینل نے تمام کھلاڑیوں کیلئے معمول کی مشقوں کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ ٹور کے پیش نظر آئندہ ہفتے سے قومی کرکٹرز کو انفرادی ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے ہر کھلاڑی کیلئے معمول کی ٹریننگ کا مربوط پلان چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے تیار کر لیا ہے جبکہ باؤلنگ کوچ وقار یونس کے علاوہ سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک سے بھی مشورے اور تجاویز طلب کی گئی ہیں تاکہ احتیاطی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے کھلاڑی تیاری کے مراحل طے کر سکیں۔آئندہ ہفتے شروع ہونے والی ٹریننگ کے پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کی انفرادی طور پر تیاریوں پر توجہ دی جائے گی تاہم جون کے ابتدائی ہفتے میں تمام منتخب کھلاڑی لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے جن کو گروپس کی شکل میں ٹریننگ کے مراحل سے گزارا جائے گا۔اس دوران صحت اور حفاظت کے تمام تر احتیاطی تقاضوں کو پیش نظر رکھا جائے گا جبکہ حکومتی اجازت کے بعد انگلینڈ ٹور سے قبل قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کے انعقاد پر بھی غور کیا جا رہا ہے جہاں کھلاڑیوں کو پریکٹس میچز کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں ٹور پر مشکلات درپیش نہ ہوں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے میڈیا سے ٹیلی فونک کانفرنس کال پر بات کرتے ہوئے کہاکہ انفرادی ٹریننگ کا آغاز کھلاڑیوں کو کرکٹ کی جانب واپس لانے اور کھیل کے میدان آباد کرنے کی جانب بڑا قدم ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy