ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بیٹنگ ،باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہترین پرفارمنس دکھانا ہوگی ، محمد حفیظ

Published on March 13, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 331)      No Comments

\"4\"
لاہور ۔۔۔ قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لئے کسی ایک شعبہ میں نہیں،بلکہ تینوں بیٹنگ ،باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بہترین پرفارمنس دکھانا ہوگی ، قذافی سٹیڈیم لاہورمیں ٹیم منیجر ذاکر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کا پہلا میچ بھارت کے ساتھ ہے ،دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر میچ کا دباؤ ہوگا لیکن ایشیاء کپ میں بھارت کو ہراکر ٹیم کا مورال بلند ہے ،ہماری کوشش ہوگی کہ بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کریں ۔ ایک سوال پرانہوں نے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم میں دھونی سمیت کسی بھی کھلاڑی کی شمولیت سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔بھارت کی جو بھی ٹیم گراؤنڈ میں اترے گی اسکے خلاف بہترین پرفارمنس دیں گے۔محمد حفیظ نے کہاکہ ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، ہر ٹیم کے خلاف بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے توہی کامیابی حاصل ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ میں کامیابی کے لئے دو چیزیں اہم ہوں گی ۔سب سے پہلے تو ٹیم کی پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا جبکہ دوسرا قسمت کا عمل دخل بھی ہےَ ۔قوم کی دعاؤں سے قسمت بھی پاکستانی ٹیم کا ساتھ دے گی ۔محمد حفیظ نے کہاکہ فاسٹ باؤلرزعمر گل اور محمد جنید خان کی ایشیاء کپ میں پرفارمنس اچھی نہیں رہی جس پر تشویش ہے لیکن دونوں باؤلروں نے ماضی میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اپنی فارم واپس لانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔پاکستان کے پاس اسپن باؤلنگ میں شاہد آفریدی اور سعید اجمل جیسے بہترین باؤلرموجودہیں جبکہ ہماری بیٹنگ بھی دنیا کی کسی بھی ٹیم کو مشکل میں مبتلا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ احمد شہزاد ،عمر اکمل اور شاہد آفریدی نے اچھا پرفارم کیا ہے ۔محمد حفیظ نے کہاکہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں ،شاہد آفریدی کی انجری زیادہ سیریس نہیں،وہ ٹورنامنٹ سے قبل فٹ ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ فٹنس کو گراس روٹ لیول پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ایک اورسوال پرمحمد حفیظ نے بتایاکہ باؤلنگ کوچ محمد اکرم فاسٹ باؤلرز کو بہت محنت کراتے ہیں لیکن پرفارمنس دکھا نا باؤلرزکا کام ہے ۔فیلڈنگ کوچ شعیب محمد کو کوچنگ کے لئے کم وقت ملا ہے ۔وہ بھی کھلاڑیوں کو بہت محنت کراتے ہیں۔محمد حفیظ نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے تماشائی پاکستانی ٹیم کو بہت سپورٹ کرتے ہیں ، ٹیم نے حال ہی میں ون ڈے کرکٹ کھیلی ہے ،ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل دو وارم اپ میچز کھیل کر ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی بھی تیاری ہوجائے گی ۔محمد حفیظ نے کہا کہ وہ اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہیں اور بطور آل راؤنڈر ٹیم کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔ٹیم کے کھلاڑی ہارجیت کے دباؤ سے آزاد ہوکر میچ کھیلیں گے ۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题