فاسٹ باؤلر عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

Published on October 17, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 161)      No Comments

لاہور: (یواین پی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جانےوالے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اہم میچ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر گل اپنی ٹیم کو فیئر ویل میچ نہ جتوا سکے جس کے بعد ٹیم کے ایونٹ سے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے اعلان پر قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل آبدیدہ ہو گئے اور تمام شائقین،کوچز، سینئر سٹاف، اپنی اہلیہ سمیت سب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتا تھا، لیکن ایک دن یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے، میرے سے پہلے لیجنڈز کرکٹرز نے بھی کرکٹ کو خیر باد کہا۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، میری سب کرکٹرز کو نصیحت ہے کہ صرف کھیل کو ترجیح دیں۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے اگر آپ محنت کریں تو اللہ تعالیٰ آپ کو صلہ بھی دیتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم ڈی وسیم خان نے بھی فاسٹ باؤلر عمر گل کی ریٹائرمنٹ پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر نے ہمیشہ کرکٹ سے لگاؤ رکھا، اپنے کلب، شہر، صوبے اور ملکی ٹیم کی نمائندگی کی، میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے انہیں زبردست کیریئر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پر امید ہوں وہ مستقبل میں اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل کریں گے۔یاد رہے کہ فاسٹ باؤلر نے کرکٹ کیرئیر میں 47 ٹیسٹ کھیلے، عمر گل نے 130 ایک روزہ اور 60 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے 20 سالہ کیریئر میں 900 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 47 میچز میں 163 وکٹیں حاصل کیں، ون ڈے میں 130 میچز میں 179 شکار کیے، جبکہ ٹی ٹونٹی میں 85 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 479، لسٹ اے میں 286 اور ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی میں 222 وکٹیں حاصل کیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog