راولپنڈی (یواین پی) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم زمبابوے کا اگلے سال دورہ ضرور کرے گی،جنوبی افریقہ کی سیکیورٹی ٹیم آج پیرکو پاکستان پہنچ رہی ہے، جنوبی افریقہ کی سیکیورٹی ٹیم اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا دورہ کریگی۔اتوار کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان بمقابلہ زمبابوے سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کرکٹ کے ساتھ ہمارا پرانا رشتہ ہے، زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پہلا مکمل دورہ پاکستان کا کیا تھا، پاکستان اور زمبابوے کرکٹ بورڈز ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے 3 بار زمبابوے کا دورہ کیا اورہمیشہ اچھا محسوس کیا، پاکستان ٹیم زمبابوے کا اگلے سال دورہ ضرور کرے گی۔احسان مانی نے جنوبی افریقہ کی ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کی سیکیورٹی ٹیم آج پیر پاکستان پہنچ رہی ہے، جنوبی افریقہ کی سیکیورٹی ٹیم اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا دورہ کرے گی۔احسان مانی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ ویمنز اور انڈر-19 کے دوروں کا بھی پلان کر رہے ہیں۔