پاکستانی ماہرین صحت کی بہت بڑی کامیابی، کرونا کےعلاج کی دوا تیار کر لی

Published on November 21, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 158)      No Comments

لاہور (یواین پی) پاکستانی ماہرین صحت کی بہت بڑی کامیابی، کرونا کےعلاج کی دوا تیار کر لی۔ میڈیا رپورٹس میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ماہرین صحت نے مہلک عالمی وبا کرونا وائرس کے علاج کی دریافت کے سلسلے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستانی ماہرین صحت ایسی دوا تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کی مدد سے کرونا مریضوں کی حالت سنبھل گئی۔تیار کردہ دوا کے پری کلینیکل اور کلینکل ٹرائل کے دوران حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے۔ کلینکل ٹرائل میں دوا کی حیران کن کامیابی دیکھنے میں آئی۔ اس دوا کے استعمال سے 95 فیصد بزرگ کرونا مریض وینٹی لیٹر پر جانے سے پہلے صحتیاب ہوگئے۔ جبکہ جو کرونا مریض وینٹی لیٹر پر موجود تھے، ان کی 60 فیصد تعداد کی حالت اس دوا کے استعمال سے سنبھل گئی۔بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ رواں ماہ کے دوران ہی دوا کی تیاری اور دستیابی کے حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چین کے اشتراک سے تیار کی گئی کرونا ویکسین کا پہلا ٹرائل کامیاب ہوا۔ چین کے اشتراک سے تیار کی گئی ویکیسن اسلام آباد میں ڈھائی ہزار افراد کو دی گئی ہے۔ ٹرائل کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا اور کسی مریض کی حالت خراب نہیں ہوئی۔جن مریضوں کو ویکسین دی گئی ہے انہیں مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ کچھ روز بعد دیکھا جائے گا آیا ان مریضوں میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں یا نہیں۔ ڈاکٹرز نے ویکسین نتائج کے حوالے سے اگلے 2 سے 3 ماہ میں اچھی خبر ملنے کی نوید سنائی ہے۔ جبکہ پاکستان میں کرونا ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالرکی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی ہے۔جمعہ کے روز کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ای سی سی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی جس کے تحت پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے کورونا ویکسین خریدی جائے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Theme