ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ ،انگلینڈ نے سری لنکا کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی

Published on March 28, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 520)      No Comments

01
ایلکس ہیلز کو116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
مہیلا جے وردھنے اور تلکا رتنے دلشان کی نصف سنچریاں رائیگاں
چٹاگانگ ۔۔۔ آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں انگلینڈ نے نوجوان بلے باز ایلکس ہیلز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ایلکس ہیلز نے 64 گیندوں پر 116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹونٹی 20 کرکٹ میں یہ کسی بھی انگلش بلے باز کی پہلی سنچری ہے۔ ایلکس ہیلز کی عمدہ بیٹنگ کے باعث شائقین کرکٹ کو بہت عرصے بعد عمدہ کھیل دیکھنے کو ملا۔ ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے لیستھ ملنگا اورکولاسیکرا سمیت تمام سری لنکن باؤلرز کو وکٹ کے چاروں اطراف انتہائی دلکش سٹروکس کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور انگلینڈ نے 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر 190 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ اس سے قبل میچ شروع ہوا تو انگلینڈ کے کپتان سٹورٹ براڈ نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو کھیلنے کی دعوت دی اور سری لنکا نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا کر انگلینڈ کو جیتنے کیلئے 190 کا مشکل ہدف دیا۔ تجربہ کار سری لنکن بلے باز جے وردھنے 89 اور دلشان 55 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کوشال پریرا 3 اور سنگا کارا بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ تھسیرا پریرا 23 اور میتھیوز 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے جارڈن اور ڈرنبیچ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی طرف سے ایلکس ہیلز اور لمب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم لمب پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔ معین علی بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر مورگن نے ایلکس کا ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 152 قیمتی رنز بنے۔ اس موقع پر مورگن 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اس کے بعد بٹلر بھی 2 رنز بنا کر کولاسیکرا کا شکار بنے۔ تاہم ایلکس ہیلز نے اپنا جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے صرف 64 گیندوں پر 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 116 قیمتی رنز بنا کر نہ صرف اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انگلینڈ کی طرف سے ٹونٹی 20 کرکٹ میں پہلی سنچری سکور کرنے والے کھلاڑی بننے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے 19.2 اوورز میں مقررہ ہدف حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی اپنے نام کی۔ بھوپارہ 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایلکس ہیلز کو تاریخی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سری لنکا کے واحد کامیاب باؤلر کولاسیکرا تھے جنہوں نے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes