برطانیہ میں کرونا وائرس کی 2 نئی قسموں کا پھیلاو، پاکستان میں کھلبلی مچ گئی

Published on December 24, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 165)      No Comments

پشاور (یواین پی) برطانیہ میں کرونا وائرس کی 2 نئی قسموں کا پھیلاو، پاکستان میں کھلبلی مچ گئی، حال ہی میں برطانیہ سے آنے والے درجنوں افراد کی تلاش شروع کر دی گئی، ان افراد کو تلاش کر کے کرونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کی 2 نئی قسموں کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں بھی حکام تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔پاکستان میں وائرس کی ان نئی قسموں کے پھیلاو کو روکنے کیلئے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر 29 دسمبر تک پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ جبکہ اب پاکستانی حکام نے حال ہی میں برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کی بھی تلاش شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں برطانیہ سے 100 سے زائد افراد پاکستان واپس آئے، ان افراد کا تعلق 12 اضلاع سے ہے۔محکمہ صحت کے حکام ان افراد کو تلاش کر کے ان کا ٹیسٹ کروائیں گے۔ٹیسٹنگ کے بعد کرونا کی تشخیص ہونے والے افراد کو فوری قرنطینہ کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ برطانوی خبر رساں اداروں کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کی اور قسم دریافت ہوئی ہے۔ برطانوی وزارت صحت نے کورونا کی اس نئی قسم کے مریض رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر وائرس کی یہ نئی قسم جنوبی افریقہ سے منتقل ہوئی۔کورونا کی اس نئی قسم کے 2 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، دونوں مریض حال ہی میں جنوبی افریقہ سے برطانیہ پہنچے تھے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں کچھ روز قبل مہلک وبا کی ایک نئی قسم پھیلنے کا انکشاف ہوا تھا۔ ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا کی نئی قسم وائرس کی پچھلی قسم کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے۔ انکشاف ہوا کہ کورونا کی یہ نئی قسم تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے باعث برطانیہ میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔اس انکشاف کے بعد دنیا کے کئی ممالک برطانیہ سے فضائی اور زمینی رابطے منقطع کر چکے ہیں۔ برطانیہ پر سفری پابندیاں لگانے والے ممالک کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ وائرس کی نئی قسم کی دریافت کے بعد بیشتر یورپی ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے تمام پروازیں روک دی ہیں اور ان کے علاوہ دیگر ممالک بھی ایسے اقدام پر غور کررہے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog