ترکمانستان کی پاکستان کو 3 ہزار میگاواٹ سستی بجلی فراہم کرنے کی پیشکش

Published on February 4, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 143)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) ترکمانستان نے پاکستان کو 3 ہزار میگاواٹ سستی بجلی فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات ترکمانستان کے سفیر اتد جان مولاموف نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری کو ترکمانستان اورپاکستان کے مابین باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ترکمانستان کے سفیر نے بتایا کہ 1840 کلومیٹر تاپی ترکمانستان ، افغانستان پاکستان اور انڈیا گیس پائپ لائن کے ساتھ ساتھ 1635 کلومیٹر طویل آپٹک فائبر لائن اور پاور ٹرانسمیشن لائن ایسے بڑے منصوبے ہیں جن سے ترکمانستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط باہمی تعاون قائم ہو گا ، ان بڑے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے اور اس کی ترقی کی رفتار میں بھی تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ترکمانستان اس سال افغانستان کے صوبہ ہرات تک تاپی گیس پائپ لائن کی تعمیر شروع کرے گا ، جب کہ ترکمانستان پاکستان کو ایل پی جی بھی فراہم کرسکتا ہے ، لینڈ لاک ملک ہونے کی وجہ سے ترکمانستان کیلئے گوادر بندرگاہ اور کراچی بندرگاہ بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھا کر وہ ان بندرگاہوں کے ذریعے دیگر ممالک کے ساتھ اپنی تجارت اور برآمدات کو فروغ دے سکتا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy