لاہور(یوا ین پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سینیٹ انتخاب سے متعلق آج دعویٰ کیا تھا کہ کچھ دیر کی بات ہے اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ ہی جیتیں گے تاہم نتائج آنے کے عبد ان کا دعوٰی دھرے کا دھرا رہ گیا۔ قبل ازیں ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا تھا کہ جو بکنے والے ہوتے ہیں وہ خفیہ بیلٹنگ میں بھی بک جاتے ہیں اور نہیں بھی بکتے، کچھ دیر کی بات ہے اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ ہی جیتیں گے۔ اپوزیشن پہلے کہتی تھی کہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے پھر انہوں نے انتخابات میں حصہ بھی لیا اور اب سینیٹ انتخابات میں بھی حصہ لے رہے ہیں، اس حوالے سے پنجاب میں سب سے بڑا معرکہ ہونا تھا لیکن وہاں انہوں نے کمال کیا اور حصہ بقدر جثہ لے لیا۔علی حیدر گیلانی کی وڈیو اور تحریک انصاف کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری زندگی یہی دیکھا ہے کہ الیکشن ایک دن کا ہوتا ہے، بعد میں لوگ اعتراضات کرتے رہتے ہیں۔ تحریک انصاف نے اعتراض داخل کردیا ہے لیکن اس کا فیصلہ آج نہیں آئے گا، آج فیصلہ الیکشن کا آئے گا۔سینیٹ انتخابات میں خلاف توقع نتائج کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی صوبے سے ایک سینیٹ کی سیٹ سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اپوزیشن نے اسلام آباد کی ایک سیٹ کو سیاسی معاملہ بنادیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے الیکشن کو الیکشن پلس کردیا ہے، باقی صوبوں کو پتہ ہی نہیں کہ کون کتنے ووٹ لے گا۔