شہزادہ ہیری اور میگھن کے انکشافات پر ملکہ برطانیہ کا ردعمل سامنے آگیا

Published on March 10, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 114)      No Comments

لندن(یواین پی)برطانوی شاہی خاندان پر شہزادہ ہیری کی اہلیہ کے الزامات پر ملکہ برطانیہ الزبتھ کا ردعمل سامنے آگیا۔ملکہ برطانیہ نے کہا ہے کہ انہیں اپنے پوتے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کو پیش آنے والے مشکل حالات پر افسوس ہے اور وہ ان کے بیٹے پر نسل پرستانہ تبصروں سے متعلق نجی طور پر بات کرنے کا وعدہ کرتی ہیں۔بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بالخصوص نسل پرستی کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات پر تشویش ہے۔ اگرچہ بیان کیے گئے واقعات کی تفصیلات مختلف ہوسکتی ہیں تاہم انہیں سنجیدگی سے دیکھا جارہا اور شاہی خاندان نجی طور پر ان پر بات کرے گا۔شاہی محل سے جاری ہونے والے بیان میں ملکہ برطانیہ نے کہا ہے کہ شہزادہ ہیری، میگھن اور ان کا بیٹا آرچی ہمیشہ خاندان کا ہردلعزیز حصہ رہیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شوہر شہزادہ ہیری کے ہمراہ شاہی خاندان کو خیرباد کہنے والی میگھن مارکل نے امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں محل میں گزرے وقت کے دوران تلخ تجربات سے متعلق کئی انکشافات کیے تھے۔ مذکورہ انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے اپنے والد اور میگھن نے شاہی خاندان کے دیگر افراد کے رویوں کے بارے میں بھی کئی انکشافات کیے۔عالمی شہرت یافتہ امریکی میزبان اوپرا ونفری کو دیے گئے اس انٹرویو کے بعد برطانیہ سمیت دنیا بھر میں شاہی خاندان سے متعلق بحث چھڑ گئی ہے جب کہ میگھن کے والد تھامس مارکل نے شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شاہی جوڑے نے اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ سابق شاہی جوڑے نے مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا تھا اور اسی سلسلے میں دونوں امریکا میں سکونت پذیر ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题