معروف صحافی و دانشور سہیل وڑائچ کی اوکاڑہ یونیورسٹی آمد

Published on March 12, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 247)      No Comments

شعبہ ابلاغیات کے طلباء کو خصوصی لیکچر دیا، وائس چانسلر سے باہمی تبادلہ خیال
یونیورسٹی اور انڈسٹری کا تعلق طلباء کی پیشہ وارانہ تربیت کےلیے ضروری ہے: پروفیسر زکریا ذاکر
اوکاڑہ (یو این پی)پاکستان کے معروف صحافی و دانشور سہیل وڑائچ نے اوکاڑہ یونیورسٹی کا دورہ کیا جس میں انہوں نے شعبہ ابلاغیات کے طلباء کو ایک خصوصی لیکچر دیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر سے باہمی تبادلہ خیال کیا۔ “لیکچر آف دی ائیر” کے عنوان سےمنعقد ہونے والے اس سیشن کی صدارت وائس چانسلر نے کی جبکہ اس کا اہتمام شعبہ ابلاغیات کی جانب سے کیا گیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر نے اوکاڑہ آمد پہ سہیل وڑائچ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء کی پیشہ وارانہ تربیت اور ان کے اندر عصر حاضر کے تقاضوں سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے کےلیے یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین تعلق کو مضبوط کرنے کےلیے کوشاں ہے۔ شعبہ ابلاغیات کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال نے سہیل وڑائچ کے بطور صحافی، مصنف اور دانشور کارناموں پہ روشنی ڈالی اور طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ اپنےان کارناموں سے سیکھ کر اپنے کیرئیر کو جلا بخشیں۔سہیل وڑائچ نے سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اوکاڑہ جیسے مضافاتی علاقے میں ایک جدید یونیورسٹی کو دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کےلیے وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہا۔ سہیل وڑائچ نے طلباء کے سوالات کے جواب بھی دیے۔سیٹیزن جرنلزم کے تناظر میں میڈیا کے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ مستقبل آن لائن جرنلزم سے منسلک ہے لیکن اس کے باوجود کتب، رسائل، جرائد اور اخبارات کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی۔
سیشن کے اختتام پہ وائس چانسلر نے مہمان خصوصی کو شیلڈ بھی پیش کی اور اس کے ساتھ کامیاب پروگرام کے انعقاد پہ شعبہ ابلاغیات کو مبارکباد پیش کی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes