پی ایس ایل 6، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

Published on June 16, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 178)      No Comments

ابوظہبی (یواین پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 24 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کی ابتدا سے ہی دفاعی چیمپئن ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اوربابراعظم گولڈن ڈک شکار ہوئے۔ثمین گل نے مارٹن گپٹل اور چیڈوک والٹن کو یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر آؤٹ کرکے کنگز کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ شرجیل خان اور نجیب اللہ زدران نے سکور 37 تک پہنچایا لیکن اوپننگ بلے باز کی 25 رنز کی اننگز ختم ہوگئی۔ کپتان عماد وسیم نے نجیب کے ساتھ مزید 30 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔ 67 کے مجموعے پر سپنر ابرار احمد نے 17 رنز بنانیوالے افغان بلے باز نجیب کی قیمتی وکٹ حاصل کی اوراسی اوور میں عامر یامین کا کام بھی تمام کردیا۔عماد وسیم کی 19 رنز کی اننگز کا خاتمہ ان کے ہم منصب نے کیا جبکہ وقاص مقصود 7 رنز بنانے کے بعد ابرار کا تیسرا شکار بن گئے۔ محمد عامر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید کراچی کنگز کی ٹیم سنچری بھی مکمل نہ کر سکے گی لیکن اختتامی اوورز میں عباس آفریدی نے چند بڑے شاٹس لگا کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور میچ میں اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔کراچی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بناسکی، پشاور زلمی کی جانب سے ابرار اور وہاب نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثمین گل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو ابتدا میں ہی کامران اکمل کی اہم وکٹ مل گئی لیکن اس کے بعد افغان بلے باز زازئی دفاعی چیمپیئن ٹیم کے لیے درد سر بن گئے۔ بلے باز نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے تن تنہا میچ کا نقشہ بدلنے کے ساتھ ساتھ ناصرف تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کردیا بلکہ اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر بھی پہنچا دیا۔زازئی نے صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ جب وہ 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو زلمی کو فتح کے لیے محض 10 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر میچ میں تھوڑی سے تبدیلی آئی اور عماد وسیم نے اسی اوور میں شعیب ملک کو بھی چلتا کردیا جبکہ حیدر علی بھی اننگز کے اختتام تک رکنے کے بجائے نور احمد کی گیند پر سٹممپ ہو گئے۔شرفین ردرفورڈ اور روومین پاول نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اپنی ٹیم کو 11 اوور میں کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔ اس میچ میں فتح کی بدولت زلمی نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں جبکہ شکست کے بعد کراچی کنگز کی پوزیشن مزید کمزور ہو گئی ہے۔ زازئی کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، مارٹن گپٹل، شرجیل خان، نجیب اللہ زدران، نور احمد، شیڈوک والٹن، عباس آفریدی، وقاص مقصود، محمد عامر، عامر یامین پر مشتمل ہے جب کہ پشاور زلمی وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، شعیب ملک، حیدر علی، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، ابرار احمد، عمید آصف، محمد عرفان، ثمین گل کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme