سابقہ ایلائٹ سینما و گردونواح کا علاقہ عطائی حکیموں کی آماجگاہ

Published on June 24, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 179)      No Comments

حیدرآباد(یواین پی) مارکیٹ تھانہ کی حدود ٹاور مارکیٹ ، سابقہ ایلائٹ سینما و گردونواح کا علاقہ عطائی حکیموں کی آماجگاہ بن گیا ، علاقہ پولیس کو سرپرستی کے عیوض بڑے نذرانے کی وصولی کا الزام ، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی مشہور ٹاور مارکیٹ کے گرد نواح میں درجنوں نوجوان بازاروں میں کھڑے رہتے ہیں اور آنے جانیوالے شہریوں کو مختلف حیلے بہانوں سے علیحدہ جگہ لے جاکر اس سے مختلف سوالات کرتے ہیں اور اسے جال پھانس کر اپنے نام نہاد حکیم صاحب سے دوا خریدنے پر آمادہ کرلیتے ہیں ۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایلائٹ سینما کے گردونواح ، ایسے نام نہاد حکیموں کی نصف درجن سے زائد دکانیں اور یہ تمام لوگ دوسرے صوبوں سے یہاں آئے ہیں۔ یہ شہریوں کو مردانہ کمزوری ، موٹا پیٹ ، دبلا کرنے اور دیگر بیماریوں کے حوالے سے جھانسہ دے کر ہزاروں روپے لوٹ لیتے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی بار یہاں جھگڑے بھی ہوئے ہیں کہ کسی مریض کو دوا سے فائدہ کی بجائے نقصان پہنچا جس سے اس کی صحت کو نقصان پہنچا یا پھر وہ دنیا سے ہی چل بسا ، مارکیٹ تھانہ پولیس سے کئی بار علاقے میں جاری اس گھناﺅنے کاروبار کی شکایت کی گئی ، محکمہ صحت کے افسران کو بھی خط لکھے گئے ہیں ایس ایس پی حیدرآباد کو بھی درخواستیں دی گئی ہیں ، لیکن اس کے باوجود ان لوگوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں آئی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ تھانے کے افسران اور دیگر ایجنسیوں کو ان لوگوں سے ماہانہ لاکھوں روپے ”نذرانہ “ پہنچایا جاتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے دفاع کے لئے ان نام نہاد حکیموں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور انسانی جانوں کو ان سے محفوظ بنایا جائے اور جو بھی پولیس اہلکار ان کی سرپرستی کررہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes