عید قربان قریب آنے کے باوجود مرغی کی قیمت بے قابو

Published on July 1, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 288)      No Comments

لاہور (یواین پی) عید قربان قریب آنے کے باوجود مرغی کی قیمت بے قابو، برائلر گوشت کی قیمت نے دوبارہ ٹرپل سینچری کر لی، لاہور سمیت کئی شہروں میں فی کلو گوشت کی قیمت 300 روپے سے زائد ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ کئی روز سے برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں جاری اتار چڑھائو بدھ کے روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں شہر کی عام مارکیٹوں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔جس کے بعد مرغی کا گوشت ٹریپل سینچری کے ساتھ 302 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل کئی ماہ تک غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر رہنے کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔تقریباً 6 ماہ بعد مرغی کی قیمت 200 روپے کی سطح سے نیچے آئی۔ ملک کے تمام شہروں میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 200 روپے سے نیچے آ گئی تھی جبکہ کئی شہروں میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت بھی 200 روپے سے نیچے آگئی تھی۔قیمتوں میں اتنی بڑی کمی کے حوالے سے بتایا گیا کہ بیرون ملک ایکسپورٹ پر پابندی لگنے اور بیماری پھیلنے کی وجہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت میں یکدم بڑی گراوٹ آئی۔ تاہم اب طلب میں اضافے کے بعد پھر سے قیمتوں میں اضافہ ہو نے لگا ہے۔ چند ہی دن میں برائلر گوشت کی قیمت میں 50 فیصد تک کا اضافہ ہو چکا۔ اس تمام صورتحال میں عوام کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت اب ناصرف غریبوں بلکہ متوسط طبقے کے لوگوں کی پہنچ سےبھی باہر ہو گیا ہے۔پولٹری مافیا اپنی مرضی کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ حکومت قیمتوں میں استحکام لانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد کئی شہریوں نے دوبارہ سوشل میڈیا کا رخ کر لیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ مرغی کے گوشت کا بائیکاٹ کر دیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy