اسلام آباد ۔۔۔ پاکستان بیت المال کی جانب سے سبزی منڈی میں زخمی ہونے والے افراد کو فی کس 30 ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ منگل کو پاکستان بیت المال کے ایم ڈی بیرسٹر عابد وحید شیخ نے پمز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال کی جانب سے بم دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کا مکمل علاج معالجہ کرانے کے ساتھ ساتھ معذور ہونے والے افراد کو وہیل چیئرز بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی اعانت کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کو مفت تعلیم بھی دلوائی جائے گی۔