گلگت کے مختلف علاقوں میں واقع منجمد جھیلیں پھٹنے کا خدشہ

Published on July 30, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 93)      No Comments

گلگت (یواین پی) گلگت بلتستان کی کئی منجمد جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری، سیاحوں کو خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کا رخ نہ کرنے کی تلقین، متعلقہ حکام ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے جاری مون سون سیزن کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے بعد سیاحوں کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گلگت کے مختلف علاقوں میں واقع منجمد جھیلیں پھٹنے کا خدشہ ہے، اس لیے سیاحوں کو خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں ان دنوں بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ اور دریاوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو چکی، اس لیے سیاح اپنی نقل و حرکت کے حوالے سے احتیاط کریں۔دوسری جانب چترال میں بھی طوفانی بارشوں کی وجہ سے تباہی مچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ چترال کے علاقے وادی گرم چشمہ اور شیشی کوہ ویلی میں موسلادھار بارش نے متعدد دیہات میں تباہی مچاتے ہوئے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچایا اور کئی گھربھی متاثر ہوئے۔ گرم چشمہ کے نواح میں واقع پانچ دیہات نارکوریت، اویرک، مونور، بشقیر اور کندوجال کا رابطہ ضلعے کے دوسرے حصوں سے کٹ کر رہ گئے۔بتایا گیا ہے کہ سیلابی ریلے نے ان دیہات میں واٹر سپلائی اسکیموں اور آبپاشی کی نہروں سمیت سڑکیں تباہ کر دیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ چترال کے شیشی کوہ ویلی میں سیلابی ریلا سیاحتی مقام مداک لشٹ جانے والی سڑک کے آدھا کلومیٹر کو بھی بہا لے گیا۔ چترال میں پیدا ہونے والی اس تباہ کن صورتحال کے بعد سیاحوں کو چترال کے سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقے خاص کر شمالی علاقہ جات ان دنوں مون سون کی طوفانی بارشوں کی زد میں ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes