پی ٹی آئی ہر معاملے میں عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن لے رہی ہے؛سراج الحق

Published on August 10, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 118)      No Comments

پشاور (یواین پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے سونامی نے قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دھکیل دیا۔ ملک کے حقیقی حکمران عالمی مالیاتی ادارے ہیں، اسلام آبادمیں بیٹھے لوگ صرف سہولت کار کا کام کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی ہر معاملے میں عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن لے رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن نہ کروا کے حکومت نے ثابت کردیا کہ ان میں اور ماضی کے حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں۔ خارجہ پالیسی سے لے کر صوبوں کے ساتھ معاملات طے کرنے تک سبھی امور میں موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ایک ہی اصول کی پیروی کی کہ سٹیٹس کو کو برقرار رکھناہے۔کے پی میں غربت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ صوبے کی عوام مہنگائی کے ہاتھوں بے بس اور نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ڈپریشن کاشکار ہیں۔ پی ٹی آئی کا بلین ٹری کا منصوبہ صوبے میں نظر نہیں آتا۔ تینوں پارٹیاں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ قوم وڈیروں اور کرپٹ مافیاز سے نجات حاصل کرنے کے لیے آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی پر اعتماد کرے۔ اقتدا ر میں آ کر اللہ کا نظام ملک میں نافذ کریں گے اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔ دین میں ہی انسانیت کی نجات ہے۔ قرآن وسنت کا نظام ہی انسانوں کے مسائل کا حل ہے اس کے علاوہ سبھی نظام باطل اور انسانیت کے دکھوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ سوشلزم اور کیپٹلزم کی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔سراج الحق نے کہاکہ اگر ملک میں کوئی بھی حکمران آئین پر عملدرآمد کو یقینی بناتااور اس نظام کو اپنایا جاتا جو پاکستان کے قیام کا سبب بنا، تو ملک اس وقت سونے کی چڑیا ہوتامگر 73برسوں سے عوام کا استحصال ہورہاہے۔ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کاشکار ہیں۔یہاں قانون کی بالادستی کا کوئی تصور نہیں، امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون ہے۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ نے کی بات کی جاتی ہے مگر کرپٹ ٹولے کی مکمل سرپرستی ہورہی ہے۔امیر جماعت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے قوم کو بری طرح مایوس کیا اور تین برسوں میں ایک شعبہ میں بہتری نہیں آئی۔ عدالتوں، تھانوں، ہسپتالوں، پٹوار خانوں میں بوسیدہ اور انگریز کا دیا ہوا استحصالی نظام پوری آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔ بیوروکریسی اسی طرح معاملات چلا رہی ہے جیسے انگریز کے دور میں تھے۔انہوں نے کہاکہ ان مصیبتوں سے جان چھڑانے کے لیے بھر پور عوامی جمہوری جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انتخابی نظام میں ریفارمز کے لیے بھی عوام کو ہی آواز بلندکرنا ہوگی کیونکہ یہ ثابت ہوگیا کہ ملک پر مسلط طبقہ کسی بھی صورت سسٹم کو بدلنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد ملک میں پائیدار جمہوریت کا قیام ہے۔ جماعت اسلامی کا اپنا نظام جمہوری اور شورائی ہے اگر اللہ نے موقع دیا او رعوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ایسا نظام نافذ کریں گے جس میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہوگا۔ ہر کسی کو اپنے عمل کا جواب عوام کے کٹہرے میں دینا پڑے گا۔ ہم ملک میں سودی معیشت کو خیر باد کہہ کر اسلامی معیشت نافذ کریں گے۔ بیوروکریسی کو حکمران نہیں، عوام کا خادم بن کر کام کرناہو گا۔ پولیس سے خوف نہیں، احساس تحفظ ہوگا۔ جماعت اسلامی جمہوریت کو اسلام کے تابع کرے گی اور انصاف لوگوں کو ان کی دہلیز پر میسر ہوگا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy