حماد اظہر کا ملک میں بجلی کی ترسیل میں ایک اور ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ

Published on August 12, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 176)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ملک میں بجلی کی ترسیل میں ایک اور ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی ترسیل میں ایک اور ریکارڈ قائم ہوگیا اور پاکستان میں بجلی کی ترسیل 24 ہزار467 میگاواٹ تک پہنچ گئی، اس سے پہلے 2020ءمیں 23 ہزار370 میگا واٹ اور 2018ءمیں 20 ہزار811 میگاواٹ بجلی ترسیل کی گئی تاہم گزشتہ روز ملک میں 24 ہزار467 میگا واٹ بجلی ترسیل کی گئی جب کہ موجودہ موسم گرما میں بجلی کی طلب و پیداوار 20 فیصدزیادہ ہے۔اس سے پہلے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہا کہ ملک میں بجلی کا کوئی شارٹ فال نہیں جن علاقوں میں زیادہ بجلی چوری ہو رہی ہے وہاں لوڈشیڈنگ ہے، ٹرانسمیشن ایشوزکی وجہ سے بھی بعض علاقوں میں مسائل درپیش ہیں، 2 سے 3 سال میں 4 ہزار میگاواٹ ٹرانسمیشن کیپسٹی کو بڑھایا گیا، اگلے ایک سال میں 3 ہزار ٹرانسمیشن کیپسٹی کوبڑھائیں گے۔وزیر توانائی نے جواب دیا کہ وفاقی حکومت نے 6 پاور پلانٹس کی بندش کا فیصلہ کر لیا ہے، بند کیے جانے والے 6 پاور پلانٹس سے 1796 میگا واٹ بجلی کی کمی ہوگی، لاکھڑا اور کوٹری پاورپلانٹس نیپرا سے لائنسنس منسوخی پرغیرفعال ہیں جب کہ موجودہ حکومت نے 3 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں 10 نئے ڈیم بنانے کا فیصلہ کرلیا، سولر اور ہائیڈرو پاور سے بجلی بنائیں گے، مہمند ڈیم 2025 اور بھاشا ڈیم 2028 میں مکمل ہو جائے گا، داسو ڈیم کا بھی وقت پر بننا بہت ضروری ہے، جب تک ڈیم نہیں بنتے پانی ذخیرہ نہیں کر سکتے، تربیلا ڈیم کے 5 ویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آج مہنگی ترین بجلی بنا رہا ہے، کیوں کہ ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کیے گئے، بھاشا ڈیم نہ بننے کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان پہنچا، منصوبے سے ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی، اس سے پہلے ہم نے طویل مدتی منصوبے نہیں لگائے، جب تک ڈیم نہیں بنائیں گے پانی ذخیرہ نہیں کر سکیں گے، اسی لیے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان میں 10 نئے ڈیم بنائے جائیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes