شہبازشریف جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے

Published on August 22, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 89)      No Comments
لاہور(یواین پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) میں بڑے پیمانے پر بلوچ سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کا امکان ہے، پارٹی صدر شہبازشریف جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے، بلوچ رہنماء شہبازشریف کی موجودگی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے بلوچستان کے پارٹی وفد نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں پارٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں پی ڈی ایم کی تحریک اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا بھی جائزہ بھی لیا گیا۔ ملاقات میں خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، قائم مقام صدر بلوچستان جمال کاکڑ بھی شریک تھے۔ قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ نے شہبازشریف کو بلوچستان میں پارٹی صورتحال سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی۔شہبازشریف کو بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن میں بڑے پیمانے پر بلوچ سیاسی رہنماء شمولیت کے منتظر ہیں۔جس پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچ رہنماء شہبازشریف کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے قائد کا بیانیہ ہرصوبے میں مضبوط اور مقبول ہوچکا ہے۔ ن لیگ نے عوامی خدمت کے کام کیے، جبکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ اس سے قبل 14 اگست کو پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق صدر فتح محمد حسنی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا تھا، پارٹی صدر میاں محمد شہبازشریف سے پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق صدر فتح محمد حسنی نے ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر فتح محمد حسنی نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے فتح محمد حسنی کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق صدر فتح محمد حسنی نے کہا کہ پاکستان نے مسلم لیگ ن کی حکومتوں کے ادوار میں ہمیشہ ترقی کی،اب ابھی مسلم لیگ ن کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes