تحریک آزادی کشمیر کے بانی سید علی شاہ گیلانی انتقال کر گئے

Published on September 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 209)      No Comments

سری نگر (یواین پی) حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے ایک انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے بانی اور حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی انتقال کر گئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس اور سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی کی جانب سے حریت رہنما کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔زندگی کے آخری ایام میں انہیں سانس کی دشواریوں کا سامنا تھا۔ تحریک آزادی کشمیر کے بانی رہنما کی رحلت رات 10 بجے سری نگر میں ہوئی، انہوں نے 91 برس کی عمر میں انتقال کیا، حریت رہنما کی پیدائش 29 ستمبر 1929 میں ہوئی تھی۔ 27ستمبر 1929کو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ایک گائوں میں پیداہونے والے سید علی گیلانی نے ابتدائی تعلیم سوپور سے حاصل کی اور لاہور کے اورینٹل کالج سے اپنی تعلیم مکمل کی۔انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 1950میں کیا اور انہیں پہلی بار 1962میں قید کیا گیا۔ وہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ایک قد آور رہنما تھے اور کئی مرتبہ اس تنظیم کے امیر اور سیکرٹری جنرل رہے ۔سید علی شاہ گیلانی نے نظر بندی کے دوران انتقال کیا، بھارت کی مقبوضہ و ظالم فوج نے حریت رہنما کو کئی برس سے گھر میں ہی نظر بند کر رکھا تھا۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ12 برس سے سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھا جس کی وجہ سے انکی صحت انتہائی گر چکی تھی ۔ سید علی گیلانی عارضہ قلب میں مبتلا تھے جبکہ 2007میں انہیں گردوں کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔انہوں نے تحریک آزادی کو زور و شور سے آگے بڑھانے کیلئے 2003میں اپنی تنظیم تحریک حریت جموں وکشمیر کی بنیاد رکھی۔ انہیں کئی مرتبہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کارکن بھی منتخب کیا گیا لیکن جب کشمیری نوجوانوں نے بھارتی غلامی سے آزادی کیلئے جدوجہد شروع کی تو انہوں نے 1990میں اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog