اسلام آباد(یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آنیوالا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا عوام خوشحال ہوگی، ملک کو بحران سے ہمارا منشور نکال سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سات روزہ دورے پر جنوبی پنجاب پہنچ چکے ہیں جہاں پر وہ مصروف دن گزار رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کی دربار حضرت خواجہ سلیمان تونسوی کے سجادہ نشین پیر خواجہ عطاءاللہ شاہ سے ملاقات ہوئی جنہیں پارٹی کا فیڈرل کونسل کا ممبر تعینات کیا گیا ملتان سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ ہولڈر میاں مظہر عباس اور مظفرگڑھ سے ایم کیوایم کے ٹکٹ ہولڈر رانا امجد علی امجد نے ملاقات کی اور باقاعدہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔بلاول بھٹو زرداری سے دو مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے والے لیہ سے سابق وفاقی وزیر بہادر خان سیہڑ کی ملاقات کی جہاں بہادر خان سیہڑ نے 11 ستمبر کو لیہ میں عشائیے میں شرکت کی دعوت دی۔ لیہ آمد پر بہادر خان سیہڑ پاکستان پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ بہادر سیہٹر ق لیگ سے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔