الیکشن کمیشن پر چڑھائی سیاسی تاریخ میں انوکھا واقع ہے؛سراج الحق

Published on September 13, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 134)      No Comments

لاہور(یواین پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کوجیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بنانا چاہتی ہے الیکشن کمیشن پر چڑھائی سیاسی تاریخ میں انوکھا واقع ہے۔حکومت چاہتی ہے کہ عدلیہ الیکشن کمیشن کو کنٹرول کرے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کا موقف آئین،جمہوریت اور عوام کے مفاد میں ہے الیکشن کمیشن اور اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ مشین کو مسترد کر کے حکومت کا قبل از وقت دھاندلی کا منصوبہ بے نقاب کر دیا۔حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں نے عوام کا دن کا چین اور رات کا سکون چھین لیا ہے۔بجلی،تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں حکومت فوری طور پر اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ان کی وطن واپسی کا موثر انتظام کرے وزارت خارجہ دیگر ممالک میں قائم سفارت خانوں کو خصوصی ہدایات اور عملی اقدامات کے حوالے سے احکامات جاری کرے۔ملک میں حقیقی،اسلامی اور فلاحی پاکستان کے لیے جماعت اسلامی اپوزیشن کابھر پور کردار ادا کر رہی ہے دیگر سیاسی جماعتیں زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پر کردار ادا کرتی تو عوا م کا اتنا برا حال نہ ہو تا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ثمر باغ ضلع دیر پائن میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر ضلع اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی کی وجہ سے عوام کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے ظالمانہ بجٹ کے بعد ہر روز منی بجٹ کی شکل میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ حکومت کی نا اہلی اور نا لائقی ہے۔ اشیائے ضروریہ سمیت گیس،پیٹرول،بجلی،چینی،آٹااور ادویات غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی۔ایک کروڑ سے زائد لوگوں کا مزید خط غربت سے نیچے جانا پی ٹی آئی کی تین سالہ حکومت کی کارکردگی کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے بے روزگاری میں اضافہ کیا پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے لاکھوں لوگوں سے ان کی چھت چھین لی لنگر خانوں کی جگہ کارخانے بنائے جاتے تو آج نوجوان اتنی بڑی تعداد میں مایوسی کا شکار نہ ہوتے۔امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی خدمت کرنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے ان کی وطن واپسی کے لیے مناسب سہولیات موجود نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان میں روز گار کے حوالے سے ان کے لیے کوئی انتظام موجود ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر وزارت خارجہ اوور سیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے تاکہ باوقار طریقے سے وہ اپنے وطن واپس آسکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کرنے کے بعد حکومت کو اس حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے اور الیکشن کمیشن کو ہدف بنانے کی بجائے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے جس کے لیے ہماری پر امن جدو جہد جاری ہے عوام اگر ملک میں اسلام کا حقیقی نظام چاہتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں جماعت اسلامی حکومت میں آکر کرپشن،مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرتے ہوئے ملک کو ایک فلاحی اور خوشحال ریاست بنا سکتی ہے۔اب جماعت اسلامی ہی واحد اور بہترین آپشن ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes