گاجر کے کاشتکاروں کو6 سے 8 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کرنے کی ہدایت

Published on September 16, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 230)      No Comments

لمبی جڑ والی فصل کی کاشت کے لیے گہری میرا اور اگیتی پیداوار کے لیے ریتلی میراز مین کا انتخاب کریں
فیصل آباد (یو این پی)محکمہ زراعت کے ترجمان نے گاجر کے کاشتکاروں کو6 سے 8 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاجر کے کاشتکار لمبی جڑ والی فصل کی کاشت و بہتر پیداوارکے لیے گہری میرا اور اگیتی پیداوار کے لیے ریتلی میراز مین کا انتخاب کریں، تاہم یہ دیگر اقسام کی زمین میں بھی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کاشت کیلئے زمین کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ اگر زمین اچھی طرح تیار نہ ہو اور اس میں مٹی کے ڈلے اور گوبر کی کچی کھاد موجود ہو تو گاجر کی شکل و رنگت پوری طرح نشو ونما نہیں پاتی ا س لیے زمین کو خوب گہرائی تک نرم و بھربھرا کرنے کیلئے وتر حالت میں 3سے 4 مرتبہ گہرا ہل چلا کر سہاگہ دیناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ گاجر کی کاشت کیلئے ستمبر کا آخری عشرہ انتہائی موزوں ہے تاہم پچھیتی کاشت اکتوبر کے آخر تک جاری رکھی جاسکتی ہے کیونکہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ یااس سے زیادہ درجہ حرارت پر بیج کااگاؤ صحیح نہیں رہتا۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ادارہ تحقیقات و سبزیات فیصل آباد کے تجربات کی روشنی میں گاجر کی شاندار فصل کیلئے 6 سے 8 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ گاجر 100 سے130 دن میں پوری طرح تیار ہو جاتی ہے تاہم روز مرہ استعمال کیلئے 80 سے 90 دن کے بعد گاجر کی موٹائی 2 سے 4سینٹی میٹر ہونے پر بھی اسے برداشت کیاجاسکتاہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes