میڈم نورجہاں کے متعلق میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا علی عظمت

Published on October 24, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 99)      No Comments

ملکہ ترنم کا بہت بڑا فین ہوں میرے لئے قابل احترام ہیں علی عظمت کا وضاحتی بیان
لاہور (یواین پی)گلوکار علی عظمت نے میڈم نورجہاں کی ظاہری شخصیت سے متعلق دئیے جانے والے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری بات کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ورنہ مجھ سے بڑا میڈم نور جہاں کا کوئی پرستار نہیں۔علی عظمت نے چند روز قبل ایک پروگرام کے دوران ملکہ ترنم نور جہاں کے بارے میں بیان دیتے ہوئے ان کی ظاہری شخصیت سے متعلق ناگوار باتیں کی تھیں۔ اور کہا تھا کہ بچپن میں ٹی وی پر میڈم نورجہاں کو ساڑھی اور بڑے بڑے بندے پہنے، اوور میک اپ کرکے دیکھ کر ’چڑ‘ ہوتی تھی۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت متعدد فنکاروں نے ان کے اس بیان کی سخت مذمت کی تھی۔فنکاروں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے بعد علی عظمت نے اپنے بیان کی وضاحت کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ کسی نے پورے پروگرام میں سے ایک چھوٹا ساکلپ ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کروادیا جو بعد میں وائرل ہوگیا۔علی عظمت نے کہا میں نورجہاں صاحبہ کی بہت عزت کرتا ہوں۔ اس پروگرام جس کا یہ کلپ وائرل ہوا ہے دراصل اس میں اس بات پر بحث ہورہی تھی کہ کیا مغربی میوزک ہمارے کلچر کا حصہ ہے یا نہیں۔ اور میں بحث کے دوران یہ بتانے کی کوشش کررہا تھا کہ مغربی کلچر ہماری ثقافت میں سرائیت کرچکا ہے۔جب میں چھوٹا تھا کوئی 6 یا 7 سال کا تو اس وقت ہمارے لیے صرف پی ٹی وی ہوتا تھا۔ اس وقت پی ٹی وی کی پریزنٹیشن اتنی بری تھی اور ہمیں جو دیکھنے کو ملتا تھا میں نے اسی حوالے سے اپنی رائے دی تھی۔تاہم ’جب ہم بڑے ہوئے تو ہم سے بڑا نور جہاں کا پرستار ہی کوئی نہیں ہے‘ کیونکہ نورجہاں صاحبہ کا جو معیار تھا ہم تو اس کے قریب بھی نہیں پہنچ سکتے میڈم نورجہاں تو ایک خزانہ ہیں ۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog