پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست؛ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی مبارک باد

Published on October 25, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 106)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی)صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھارت کو شکست دینے پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
شاباش گرین شرٹس، ہمیں آپ پر فخر ہے، صدر مملکت
صدر مملکت عارف علوی نے ٹویٹر پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش گرین شرٹس، مکمل صفایا کیا، 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا، ہمیں آپ پر فخر ہے، ایک اچھا میچ تھا مزا آگیا، پاکستانیوں آپ سب کو مبارک ہو۔
پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر میچ دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مبارکباد اور بابر اعظم کو جنہوں نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا، رضوان اور شاہین آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے، آرمی چیف
ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا، مشعال ملک
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا، پاکستان قوم کو جیت کی ڈھیروں مبارکباد، ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا جب کہ پاکستانی جیت کا جشن سرینگر میں بھی منایا جارہا ہے۔
دس وکٹ سے جیتنا قابل فخر کارنامہ ہے، اسد قیصر
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مبارک باد میں کہا کہ پاکستانی ٹیم قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے، آج کے میچ میں پاکستان کی قومی ٹیم نے نئی تاریخ رقم کی ہے، پاکستانی ٹیم کا 10 وکٹوں سے انڈیا سے میچ جیتنا قابل فخر کارنامہ ہے، پاکستان کی پوری ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے مگر جیت کا کریڈٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو جاتا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہینوں نے یادگار کھیل کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے، بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی سمیت پوری ٹیم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور آئندہ آنے والے میچز میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Theme