دورہ سعودی عرب، وزیراعظم وطن واپس پہنچ گئے

Published on October 26, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 69)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ریاض میں سعودی نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر نے وزیراعظم عمران خان کو الوداع کیا۔وزیراعظم پاکستان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے تھے۔ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد موجود تھا ،جس میں وزیر خزانہ اور وزیر توانائی بھی شامل تھے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ملاقات کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو قریب سے مربوط کرنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی ترقی میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیراعظم نے سعودی وژن 2030 کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کی۔ملاقات میں عمران خان نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سمٹ کو کامیابی سے منعقد کرنے پر بھی ولی عہد مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے گرین انیشیٹوز کے نفاذ میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے افغان عوام کی تکالیف کو کم کرنے میں مدد کے لیے بین الاقوامی برادری کی فعال اور تعمیری شمولیت کی اہمیت پر زور دیا جبکہ وزیراعظم نے افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔عمران خان نے کہا کہ سمٹ نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے سعودی قیادت کے عزم کو واضح کیا، سعودی گرین انیشیٹو، مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو اور ‘کلین اینڈ گرین پاکستان آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔یاد رہے اس سے قبل ریاض میں مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سربراہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ دنیا کے10فیصد ملک 80فیصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمےدار ہیں۔وزیراعظم نے کہا تھا کہ عالمی حدت میں دن بدن اضافہ ہو رہاہے، حکومت پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، 2030 تک پاکستان 60فیصد قابل تجدید توانائی ذرائع پر منتقل کردیا جائے گا۔عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ ماحول کے تحفظ کیلئے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو ماحولیاتی تحفظ کیلئے 44فیصد سرمایہ کاری کررہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان، بھارت، تاجکستان، ازبکستان اور دیگرملک شدید متاثر ہو رہے ہیں، 10بلین ٹری سونامی منصوبے کا مقصد قدرتی طریقے سے ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، 2023تک ایک ارب مینگروز کے درخت لگائے جائیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes