وزیراعظم نےتاریخی پیکج کا اعلان کیا، مہنگائی کی وجہ سابقہ دور میں لئے گئے قرضےہے:فواد چوہدری

Published on November 4, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 87)      No Comments


اسلام آباد (یو این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی پروگرام کا اعلان کیا، مہنگائی کی وجہ سابقہ دور میں لئے گئے قرضے اور دنیا بھر میں کموڈیٹی پرائس میں اضافہ ہے، لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائی جائے تو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نصف ہو جائیں گی، مشکل معاشی صورتحال میں دو کروڑ خاندانوں کے لئے 130 ارب روپے کا فلاحی پیکیج اور گھی، آٹا، دال پر 30 فیصد سبسڈی کی فراہمی سے غریب افراد کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی ہوگی، چالیس لاکھ مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لئے بلاسود قرضے دینے اور خاندان کے ایک فرد کو ہنرمند بنانے کا اعلان خوش آئند ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ملکی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے قوم کو اصل زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‏وزیراعظم نے آج جس ریلیف کا اعلان کیا, اس سے کم آمدنی کے حامل کروڑوں لوگوں کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا رجحان بھی امید ہے چھ ماہ میں سامنے آنا شروع ہو گا ،کورونا وباء کا جس کامیابی سے ہم نے مقابلہ کیا ،اگر ہم کامیاب نہ ہوتے تو آج ہماری مشکلات کئی گنا بڑھ چکی ہوتیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان اس دنیا سے الگ نہیں ہے،عالمی سطح پر کموڈیٹی پرائس میں 50 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پاکستان میں صرف 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، ڈالر کے مقابلے میں صرف روپے کی قدر کم نہیں ہوئی بلکہ دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی کرنسیوں کی قدر بھی گری ہے، آج مہنگائی کی وجہ حکومت نہیں، اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں سابقہ حکومتوں کے لئے گئے قرضے اور دنیا بھر میں کموڈیٹی پرائس میں اضافہ ہے،پچھلی حکومتوں کے لئے گئے قرضوں کی وجہ سے آج قوم معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کورونا وباکا ذکر کیا اور وباسے نمٹنے کے لئے حکومت کے اقدامات سے قوم کو آگاہ کیا، پوری دنیا اس وباکے باعث معاشی مشکلات سے دوچار ہے، غریب ممالک اس بیماری سے زیادہ متاثر ہوئے، کورونا وباسے نمٹنے کے لئے پاکستان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا گیا، بحیثیت قوم ہمیں فخر ہے کہ ایک ایسی حکومت اقتدار میں ہے جسے عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کورونا وباکے باوجود آج ہماری بمپر فصلیں ہیں،زرعی شعبہ میں1100ارب روپےمنتقل ہوئے،لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 13فیصداضافہ ہوا،تعمیرات کےشعبہ کوفروغ ملاہے،ٹریکٹروں اورموٹر سائیکلوں کی فروخت میں تاریخی اضافہ ہوا ہے، یوریا کھاد آج دنیا کے مقابلے میں سب سے سستی پاکستان میں مل رہی ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 100 فیصد جبکہ پاکستان میں صرف 33 فیصد اضافہ ہوا،پاکستان دنیا میں تیل درآمد کرنے والے ممالک کے مقابلے میں کم قیمت پر پٹرول فروخت کر رہا ہے، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں پاکستان میں آٹے کی قیمت بھی نصف ہے، حکومت ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے پرعزم ہے، ترقی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes