فیصل آباد (یو این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کے وعدہ کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں محکمانہ اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہاہے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر زاہدحسین نے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں صحافی کالونی کیلئے مجوزہ اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر نے ڈویژنل کمشنر کو اراضی کے محل وقوع، محکمانہ امورمیں پیش رفت اورمتعلقہ ریکارڈ کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایاکہ ایف ڈی اے سٹی کے ایکس بلاک سے ملحقہ 221کنال اراضی دستیاب ہے جوکہ صحافی کالونی کے قیام کیلئے تجویز کی گئی ہے۔ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ مہر ایوب، اسماءمحسن،ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید اور ایف ڈی اے کے دیگر افسران کے علاوہ پریس کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے گروپ لیڈر شاہدعلی،کوارڈینیٹر صحافی کالونی رانا اقبال حسن خاں ودیگر میڈیا نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے مختلف زاویوں سے مجوزہ اراضی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ایف ڈی اے کے محکمانہ اقدامات کی تفصیلات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی کامیاب تکمیل کیلئے تمام تر انتظامی وفنی رکاوٹوں کو دور کرکے قابل عمل سمری تیار کریں جس کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری حاصل کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ صحافی کالونی کے لئے مجوزہ جگہ کے قریب بعض تجاوزات کوہٹا اور ناجائز قابضین کو بے دخل کردیاجائے گا اورضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحافی کالونی کی مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ڈیزائننگ کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ دستیاب اراضی کو جامع حکمت کے تحت بروئے کارلائینگے اور پریس کلب نمائندگان کی مشاورت سے ایسا لائحہ عمل اور فارمولا تیار کیاجائیگا کہ فہرست کے مطابق تمام صحافی مستفید ہوسکیں۔ ڈویژنل کمشنر نے پریس کلب نمائندگان کو یقین دلایا کہ ان کا دیرینہ مطالبہ حل کرنے کیلئے مربوط اقدامات کو کامیاب بنایاجائیگا اور صحافی کالونی کی دیرپا اور پائیداد ڈویلپمنٹ کیلئے وہ خود اس منصوبے کی نگرانی کریں گے۔گروپ لیڈ ر شاہد علی نے صحافی کالونی کیلئے مجوزہ جگہ کا معائنہ کرنے پر ڈویژنل کمشنر زاہد حسین کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے صحافی کالونی کے قیام کے وعدہ کی تکمیل کیلئے جس طرح گہری دلچسپی لیکر متعلقہ محکموں کو متحرک کئے ہوئے ہیں اس سے امید واثق ہے کہ یہ دیرینہ خواب بہت جلد شرمندہ تعبیرہو جائیگا۔