رواں مالی سال میں ساڑھے چار ارب روپے کے اضافی فنڈزفراہم کئے ہیں فیض اللہ کموکا

Published on December 20, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 95)      No Comments

مواصلات،سینیٹیشن سمیت ہیلتھ و دیگر سیکٹرز میں عوام کو تیز رفتار ریلیف اور ترقی کا نیا باب شروع ہوگا
فیصل آباد (یو این پی)ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ضلعی کنوینر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی/ایم این اے فیض اللہ کموکا کی صدارت میں ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے فاسٹ موونگ سکیموں کی تفصیلات اور ان کے لئے مختص اضافی فنڈز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال احمد کاسترو،ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،چوہدری علی اختر،لطیف نذر،عادل پرویز گجر اور فردوس رائے نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر،ایم ڈی واسا جبارانور،سی ای اوز ہیلتھ وایجوکیشن ڈاکٹر کاشف محمود،علی احمد سیان اور بلڈنگز وروڈز سیکٹر کے افسران موجودتھے۔ضلعی کنوینر نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رواں مالی سال میں ساڑھے چار ارب روپے کے اضافی فنڈزفراہم کئے ہیں جس کی بدولت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج I۔اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کی فاسٹ موونگ سکیمیں مکمل کی جائیں گی اورمواصلات،سینیٹیشن سمیت ہیلتھ و دیگر سیکٹرز میں عوام کو تیز رفتار ریلیف اور ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ مزید ڈیڑھ ارب روپے ڈی ڈی پی ٹو کی آئندہ مالی سال کی سکیموں کے لئے ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ ساڑھے چار ارب روپے کے فنڈز سے ارکان اسمبلی کے حلقوں کی زیر تکمیل سکیموں کی بھی سو فیصدتکمیل ہوگی۔اجلاس میں موجود ارکان اسمبلی نے رواں مالی سال کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ اداکیا اورمتعلقہ محکموں پر زوردیاکہ سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرایاجائے جن کی شفافیت بھی یقینی ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے ارکان کو تاکید کی کہ وہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔انہوں نے ارکان اسمبلی کی طرف سے نشاندہی کئے گئے بعض مسائل پر افسران کو ضروری ہدایات اور تعمیلی رپورٹ سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes