مختلف مدات میں سرکاری بقایا جات کی وصولی مہم کو مزید تیز کیا جائے علی شہزاد

Published on December 27, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 107)      No Comments

روزانہ کی بنیادپر کارکردگی رپورٹ مرتب کریں اس ضمن میں عدم توجہی کی گنجائش نہیں ،ڈپٹی کمشنرفیصل آباد
فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے کہا ہے کہ مختلف مدات میں سرکاری بقایا جات کی وصولی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور روزانہ کی بنیادپر کارکردگی رپورٹ مرتب کریں اس ضمن میں عدم توجہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے یہ ہدایت اپنے آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ضلع بھرمیں محکمہ مال کی مجموعی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے لینڈ ریونیو،واٹر ریٹ،زرعی انکم ٹیکس،سٹمپ ڈیوٹی اوردیگر مدات میں واجبات کی وصولیوں کاجائزہ لیا اور ہدایت کی کہ بقایا جات کی سو فیصد وصولی اولین ذمہ داری ہے جس کے حصول میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کی سروسز کے معیارمیں اضافہ کے لئے تقاضوں کے مطابق موثر اورتیزرفتار اقدامات کئے جائیں تاکہ سائلین کو بلاتاخیر ریلیف حاصل ہو اور اعلیٰ نظم ونسق کے بارے میں حکومتی مقاصد پورے ہوسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لینڈریکارڈکی کمپیوٹرائزیشن کے بعد اس سسٹم پر عوام کا اعتماد مضبوط بنانے کے لئے ہمہ جہت ذمہ داریاں انتہائی توجہ کی متقاضی ہیں جس کے لئے تحصیل انتظامیہ اورلینڈریکارڈسنٹرز کے افسران مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ سائلین پریشان نہ ہو اور ان کے مسائل جدید طریقے سے بلاتاخیر حل ہوں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنے ماتحت افسران وسٹاف کی محکمانہ کارکردگی وسرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں اور دفتری نظم وضبط کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بدعنوان سٹاف کاکڑا احتساب کیاجائے۔انہوں نے وراثتی انتقالات کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو مقدمات شفاف انداز میں تیزی سے نمٹائیں۔انہوں نے سرکاری زمینوں کے تحفظ کویقینی بنانے اور قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی اراضی کی مکمل دیکھ بھال کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے ریکوری مہم کی تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes