اوکاڑہ یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے پاکستان میں جنگلی حیات کا سب سے بڑا سروے

Published on January 14, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 89)      No Comments

پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کی زیر نگرانی 200 سے زائد طلباء نے سروے میں حصہ لیا
اوکاڑہ(یو این پی)اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ زووالوجی سے 220 طلباء نے پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کی زیر نگرانی محمد بن زید النایان بریڈنگ سنٹر، لال سوہانٹرا نیشنل پارک بہاولپور میں حکومت پنجاب کے محکمہ جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کی درخواست پہ کیے جانے والے اس سرویکا مقصد نیشنل پارک کے 16 کلومیٹر لمبے اور 4 کلومیٹر چوڑے پنجرے میں موجود چنکارا اور بلیک بک ہرن کی تعداد کا درست اندازہ لگانا تھا۔ پروفیسر واجد کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنگلی حیات کے کسی مسکن سے اس طرح کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔ سروے کے طریقہ کا اور اس کے مقاصد پہ بات کرتے ہوئے پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلی حیات کی خواہش تھی کہ نیشنل پارک میں موجود دو اقسام کے ہرن کی درست تعداد جانی جائے تاکہ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سنٹر کیلیے مستقبل کا کوئی لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے۔ اس مقصد کیلیے ہم نے 200 سے زائد طلباء اور اساتذہ کے ساتھ پورے بریڈنگ سنٹر کا پیدل دورہ کیا اور ڈیٹا اکٹھا کیا۔ اس سروے کی رپورٹ کے مطابق نیشنل پارک میں اس وقت تقریبا 200 چنکارا اور بلیک بک ہرن موجود ہیں۔ سیکریڑری محکمہ جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری شاہد زمان نے پروفیسر واجد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم صوبے کے دیگر بریڈنگ سنٹرز میں موجود جانوروں اور ان کو مہیا کی جانے والی سہولیات کے جائزے کیلیے بھی ان کی خدمات لیں گے۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے بھی یونیورسٹی اور کمیونٹی سنٹرز میں شعبہ زووالوجی کی طرف سے کیے جانے والے تحقیق کے مختلف پراجیکٹس کی تعریف کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes