پری زاد کی آخری قسط 22جنوری کو سینما پر ریلیز کی جائے گی جبکہ چینل پر اسے25 جنوری کونشر کیا جائے گا
اسلام آباد(یواین پی)ڈرامہ سیریل ”پری زاد”کی آخری قسط 22جنوری کو سینما میں ریلیز کی جائے گی۔نجی ٹی وی چینل نے اعلان کیا ہے کہ پری زاد کی آخری قسط 22جنوری کو سینما پر ریلیز کی جائے گی جبکہ چینل پر اسے25 جنوری کونشر کیا جائے گا۔ ڈرامہ سیریل ”پری زاد”میں اداکار احمد علی اکبر مرکزی کردارادا کررہے ہیں جبکہ ڈرامے کی کاسٹ میں اداکار اشناہ شاہ، یمنی زیدی اورمشعل خان شامل ہیں۔اس سے قبل 2020 کے آغاز میں مقبول ترین ڈرامے‘میرے پاس تم ہو’اور‘عہد وفا’کی آخری قسطوں کو سینماؤں میں پیش کیا گیا تھا اور اب ہم ٹی وی نے مشہور ڈرامے‘پری زاد’کی آخری قسط بھی بڑے پردے پر دکھانے کا اعلان کردیا۔پاکستان میں گزشتہ دو سال سے ڈراموں کو سینماؤں میں دکھانے کا رجحان چل پڑا ہے اور گزشتہ دو سال کے دوران‘میرے پاس تم ہو، عہد وفا اور سنگ ماہ’جیسے ڈرامے سینماؤں میں دکھائے جا چکے ہیں۔نجی ٹی وی نے‘پری زاد’کا پوسٹر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 2021 کے مقبول ترین ڈرامے کی آخری قسط کو 22 جنوری کو بڑے پردے پر پیش کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق سینماؤں میں آخری قسط کو ٹی وی سے قبل نشر کیا جائے گا۔’پری زاد’کو 22 جنوری کو ملک بھر کے سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر ڈرامے کی آخری قسط کو چند دن تک بڑے پردے پر دکھایا جائے گا۔ایک طرف جہاں پاکستانی سینماؤں میں ڈرامے دکھانے کا رواج چل پڑا ہے، وہیں بڑے پردے پر گزشتہ دو سال سے انتہائی کم پاکستانی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں۔