کورونا کی پانچویں لہر‘ ملک میں مسلسل دوسرے روز 5 ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے

Published on January 20, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 68)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) عالمی وباء کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے دوران ملک میں مسلسل دوسرے روز 5 ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 57 ہزار 669 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اس دوران مزید 5 ہزار 472 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہو گئی جب کہ ملک میں یومیہ کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.48 فیصد ہوچکی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد انتقال کرگئے، اس کے علاوہ اس وقت 908 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، اب تک کورونا سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 091 افراد وباء سے انتقال کرچکے ہیں، صوبہ سندھ میں 7 ہزار 709، خیبرپختونخوا 5 ہزار 965، اسلام آباد 969، گلگت بلتستان 187، بلوچستان میں 367 اور آزاد کشمیر میں 749 افراد کا کورونا سے انتقال ہوگیا۔ادھر این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں ہفتے میں 3 روزکرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر این سی او سی کا دوسرا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران تعلیمی سرگرمیاں ہفتے میں 3 روزکرنے کی تجویز پیش کی گئی، اس دوران اسلام آباد میں 7 روز کے لیے اسکولز کو آن لائن کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں کورونا ایس او پیزپر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں این سی او سی نے ملک بھر میں 10 فیصد یا اس سے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں کیلئے نئے ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کی مشاورت سے نئے ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے گی، اسمارٹ لاک ڈاؤن یا ایک دن چھوڑ کر اسکول کھولنے جیسے فیصلے صوبوں کی مشاورت سے ہوں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog